تحریک انصاف کے جلسے کی معطلی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج
اسلام آباد ( آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت منسوخ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی۔جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ دِلوں کے حال تو اللہ جانتا ہے ہم نے تو قانون کے مطابق فیصلے کرنے ہیں، ڈپٹی کمشنر نے ایک آرڈر کیا چیف کمشنر نے اسے ختم کر دیا، اب آپ چیف کمشنر کے آرڈر کے خلاف درخواست دائر کریں۔انھوں نے یہ ریمارکس پیرکیروزدیئے ۔ جسٹس بابر ستار نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ اگر کمشنراسلام آباد نے آرڈر معطل کر دیا ہے، تو آپ کو اس آرڈر کو چیلنج کرنا ہو گا، جس پر شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ ان کو سزا تو دیں ان کی ملی بھگت سامنے آئے۔جسٹس بابر ستار نے کہا کہ آپ آرڈر کو چیلنج کریں گے تو آرڈر کی لیگیلیٹی کا تعین ہو گا، میں اس درخواست پر توہین عدالت کی کارروائی نہیں کر سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ مجھے بتائیں کس آرڈر پر توہین عدالت کی کارروائی کروں، آپ وکیل کی حیثیت سے جو کر سکتے ہیں وہ کریں
، پچھلی سماعت میں ڈی سی اسلام آباد نے جلسے کی اجازت دی چیف کمشنر نے اس آرڈر کو معطل کر دیا۔عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست خارج کر دی۔جسٹس بابر ستار کا کہنا تھا کہ چیف کمشنر کے آرڈر کو چیلنج کریں جو آپ نے نہیں کیا، جس پر وکیل شعیب شاہین نے موٴقف اپنایا کہ ہم پھر رٹ پٹیشن دائر کریں گے، یہ لوگ بدنیتی کر رہے ہیں اور ہمیں بھی کچھ نہیں کرنے دے رہے۔جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ دِلوں کے حال تو اللہ جانتا ہے ہم نے تو قانون کے مطابق فیصلے کرنے ہیں، ڈپٹی کمشنر نے ایک آرڈر کیا چیف کمشنر نے اسے ختم کر دیا، اب آپ چیف کمشنر کے آرڈر کے خلاف درخواست دائر کریں۔جسٹس بابر ستار کا کہنا تھا کہ آپ روزانہ یہی کرتے ہیں، سیاسی معاملہ طریقہ کار کو تبدیل تو نہیں کر دے گا۔واضح رہے کہ 6 جولائی کو پی ٹی آئی نے جلسے کا عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) معطل کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔تحریک تحفظ آئین کے کوآرڈینیٹر اخونزداہ حسین یوسفزئی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود ترنول جلسے کا این او سی معطل کرنا توہین عدالت ہے ، عدالت این او سی معطل کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔یاد رہے کہ 5 جولائی کو اسلام آباد انتظامیہ نے آج ہونے والے جلسے کا این او سی معطل کر دیا تھا۔
Comments are closed.