ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری‘برآمدات و ٹیکس بیس بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے‘وزیراعظم کی برطانوی وفد سے گفتگو

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے‘دونوں ممالک کے عوام کے آپس کے روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا‘حکومت پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے‘تمام ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے‘برآمدات اور ٹیکس بیس میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانوی ماہر تعلیم اور برطانوی وزیراعظم کے ڈیلیوری یونٹ کے سابق سربراہ سر مائیکل باربر کی زیر قیادت وفدنے ملاقات کی۔وفد میں برطانوی فارن، ڈویلپمنٹ اور کامن ویلتھ آفس کی ڈائریکٹر جو موئیر، اور سینئر گورننس ایڈوائزرز نوید عزیز اور میٹ کلینسی شامل تھے۔برطانوی ماہر تعلیم سر مائیکل باربرنے حکومت کے معاشی بحالی کے پلان کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے حوالے سے ٹھیک سمت میں جا رہی ہے‘امید ہے آپ کی موثر قیادت میں پاکستان جلد ہی معاشی مشکلات قابو پانے میں کامیاب ہو گا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی دو طرفہ تعلقات ہیں جو کہ دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں‘پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے‘برطانیہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کر رہا ہے اور پاکستان کا اہم شراکت دار ہے؛ ہم برطانوی حکومت کے شکر گزار ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے آپس کے روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا‘حکومت پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے‘تمام ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے‘فیڈرل بورڈ آف ریونیو سمیت معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کے حوالے سے غیر فعال اداروں کو ختم کیا جا رہا ہے اور ڈاؤن سائیزنگ کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے‘ برآمدات اور ٹیکس بیس میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں‘پاکستان سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت سے متعلقہ برآمدات کے حوالے سے بے پناہ استعداد ہے۔ وفد کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے حوالے سے ٹاسک مینیجمنٹ سسٹم کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔برطانوی ماہر تعلیم سر مائیکل باربرنے حکومت کے معاشی بحالی کے پلان کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے حوالے سے ٹھیک سمت میں جا رہی ہے‘امید ہے آپ کی موثر قیادت میں پاکستان جلد ہی معاشی مشکلات قابو پانے میں کامیاب ہو گا۔وفد کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان کو ہر شعبے میں بھرپور مدد اور تعاون فراہم کرے گا‘پاکستان کی ترقی ہماری ترقی ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Comments are closed.