190 ملین پاؤنڈ ریفرنس:پرویز خٹک نے بیان قلمبند کرالیا

راولپنڈی(آن لائن)اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی، سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور سابق وزیر زبیدہ جلال آج عدالت میں پیش نہ ہوئیں، بشریٰ بی بی اور عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے وکلا عثمان ریاض گل اور چودھری ظہیر عباس عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے امجد پرویز، سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔پرویز خٹک نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کرایا ،اس سے قبل سابق وزیرعلی کے پی کے پرویز خٹک جب کمرہ عدالت میں آئے تو عمران خان سے آنکھیں نہ ملا سکے

۔عمران خان مسلسل پرویز خٹک کی طرف دیکھتے رہے پرویز خٹک نے عمران خان کی طرف نہیں دیکھا۔ پرویز خٹک جب اپنا بیان ریکارڈ کرا رہے تھے تو عمران خان مسلسل مسکرا رہے تھے۔پرویز خٹک نے15 منٹ میں اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور کمرہ عدالت سے چلے گئے۔ سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کے بیان کے دوران عمران خان مسکراتے ہوئے روسٹرم پر آگئے ،سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اب تو نواز شریف کے فلیٹ بھی پاکستان واپس آنے چاہئیں۔ بنی گالا اسلام آباد کے پٹواری عباس گوارایا پر جرح بھی مکمل کرلی گئی۔ اسی کے ساتھ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 13جولائی تک ملتوی کر دی۔بعد ازاں صحافی نے عمران خان سے پوچھا کہ پرویز خٹک اپ کے خلاف بیان دینے آئے ہیں تو عمران خان نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں ائی کہ انہوں نے کیا کہا ہے۔ خیال رہے کہ 5 جولائی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف 190 ملین پاوٴنڈز ریفرنس کیس میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک، ان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور زبیدہ جلال کو طلب کرلیا تھا۔ واضح رہے کہ ریفرنس میں مجموعی طور پر 31 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہوگئے ہیں جبکہ 30 پر جرح مکمل کرلی گئی ہے۔

Comments are closed.