گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات
لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بلاول ہاوٴس لاہور میں صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے آج یہاں گورنر ہاوٴس لاہور میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی موجود تھیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ گورنر پنجاب نے جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی۔ پروقار تقریب میں وفاقی وزیر قانون نذیر تارڑ، آئی جی پولیس پنجاب عثمان انور، لاہور ہائی کورٹ کے ججز، سینئر وکلاء اور صوبائی سیکرٹریز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
بعد ازاں صدر محمد ابوبکر کی سربراہی میں پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے 20 رکنی وفد نے گورنر ہاوٴس لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی۔ اجلاس میں طلبہ میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے آگاہی مہم اور نوجوانوں سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ نوجوانوں کی اچھی تعلیم و تربیت ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ گورنر پنجاب نے یوتھ پارلیمنٹ کی جانب سے نوجوانوں کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ وفد نے پنجاب کی یونیورسٹیوں میں کمیونٹی سروس کے لیے کریڈٹ آورز مختص کرنے کی تجویز دی۔ وفد کی جانب سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو اعزازی سووینئر پیش کیا گیا۔
Comments are closed.