وفاقی حکومت کا تحریک انصاف پر پابندی لگانے فیصلہ،کیس سپریم کورٹ بھیجا جائیگا‘عطاء اللہ تارڑ

عارف علوی ،عمران خان اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ اعلان
ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو غدارقرار اور ان کے پاسپورٹ اور شناختی بلاک ہوں گے
مخصوص نشستوں کے کیس میں حکومت اور اس کے اتحادی سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل بھی دائر کریں گے ،وزیر اطلاعات
پاکستان کے ساتھ بہت کھلواڑ ہوگیا،اب نو مور،ملک نے ترقی کرنی ہے تو پاکستان اور پی ٹی آئی اکٹھے نہیں چل سکتے ،پریس کانفرنس

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے ،سابق صدر عارف علوی ،سابق وزیر اعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مخصوص نشستوں کے کیس میں حکومت اور اس کے اتحادی سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل بھی دائر کریں گے ،بیرون ملک مقیم پاکستانی جو ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں انہیں غدار قرار دیا جائیگا اور ان کے پاسپورٹ اور شناختی بلاک کر دیئے جائیں گے ،پارلیمنٹ سے اس کی منظوری بھی لی جائے گی ،پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے اور کسی کو ملک سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک کے ساتھ کھلواڑ بہت ہوگیا لیکن اب نو مور، اگر ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر لے کر چلنا ہے تو پاکستان اور پی ٹی آئی مل کر نہیں چل سکتے یہ واضح ہے، وفاقی حکومت نے سائفر، آئی ایم ایف کو خط، فارن فنڈنگ اور نو مئی کے پی ٹی آئی کے معاملات پر اسے بین کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی حکومت تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے لیے کیس دائر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آپ ظلم کر رہے ہیں ہم میثاق جمہوریت کر رہے ہیں، یہ ہے ہماری سیاسی تربیت، ہماری سیاسی تربیت کو ہماری تحمل مزاجی اور برداشت اور دانشمندی کو ہماری کمزوری سمجھا گیا، ہماری سیاسی تربیت ہے کہ مخالف کو آپ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں، حکومت ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے لیکن ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سات خون معاف کے نام سے ایک فلمی ٹریلر چلایا جارہا ہے، بتایا جارہا ہے کہ ان ٹچ ایبل ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ملک کے خلاف سازش کریں، فارن فنڈنگ لیں، بیرون ملک لابنگ کریں، فرمز ہائی کریں، پاکستان کے خلاف قراردادیں پاس کرائیں، سائفر کا ڈرامہ رچائیں، 9 مئی کے حملے کریں، ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی کوشش کریں، آپ کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے؟ عمران خان نے خود خواتین کو جیلوں میں ڈالنے کی روایت ڈالی، مسلم لیگ ن کے آدھے لیڈر جیل میں تھے، ہماری اعلیٰ قیادت اور خواتین کو جیلوں میں ڈالا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ساتھ چلنے کی بات کی،

یہ لوگ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں لیکن حکومت ان کی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی،عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔ ملک کو آگے لے جانے کے لئے پی ٹی آئی اور حکومت ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔ حکومت نے اس پارٹی کے خلاف ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر اس پر پابندی لگا نے کا فیصلہ کیاہے ۔ حکومت پارٹی پر پابندی کے لئے سپریم کورٹ میں کیس دائر کرے گی ۔ کابینہ سے منظوری کے بعد پارٹی پر آرٹیکل 6 لگانے کا ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا ۔ بانی پی ٹی آئی عمر ان خان، عارف علوی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل6 لگانے کی استدعا کی جائے گی ۔ انہوں نے مخصوص نشستوں کے کیس کے فیصلے کے خلاف بھی عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیس کے فیصلے سے ایک پارٹی کو وہ حق دیا دیا گیا جو اس نے مانگا ہی نہیں ۔ اسی وجہ سے حکومت نے اس فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل کا دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،فیصلہ اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہم ملک میں سیاسی او ر معاشی ا ستحکام کے لئے کوشاں ہیں ،گزشتہ چند ہفتوں سے ملک کے اندر ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ سیاہ کو سفید کریں ، ملک توڑنے کی سازشیں کریں ، سائفر سے کھیلیں خواہ جو مرضی کر ے لیکن ان کو کوئی ہاتھ نہ لگائے ۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے ہماری سیاسی تربیت کی ہے ہمارے لیڈر کا کہنا ہے کہ مخالف کو بھی صاحب کہہ کر پکارو۔ بد قسمتی سے ہماری اچھی تربیت کو کمزوری سمجھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی فاشسٹ حکمران تھے ،ماؤ ں ، بہنوں کو گرفتار کیا گیا۔ ہماری اعلی قیادت اور خواتین کو جیلوں میں ڈالا گیا ۔ سات خون معاف کے نام سے فلمی ٹریلر چلایا گیا ۔

گالم گلوچ کے کلچر نے معاشرے میں تقسیم پیدا کرد ی ۔ دو ہزار چودہ کے دھرنوں سے آج تک مخصوص ذہنیت کو پروان چڑھایا ۔ اس جماعت نے فارن فنڈنگ کی بھارت ور اسرائیل سے فنڈز لئے۔ فارن فنڈنگ کیس میں انہوں نے چھ سال تک اسٹے لیا ۔ انہوں نے کہا ملک کے ساتھ کھلواڑ بہت ہو گیا اب کہنا چاہتے ہیں نو مو ر۔ اب پاکستان اور تحریک انصاف ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کا پورا خاندان نو مئی کو گھیراو جلاو میں ملوث تھا ۔ نو مئی کو ذاتی مفاد کے لئے ملکی مفاد پر حملہ کیا گیا او ر اب یہ سب برداشت سے باہر ہو گیا ہے ۔ مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کا منشور ہے کوئی غیر مسلم ان کی جماعت کا رکن نہیں بن سکتا، حالیہ فیصلے میں تحریک انصاف کو بن مانگے ریلیف دیا گیا، حکومت اور اتحادی جماعتوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نظرثانی میں یہ استدعا کی جائے گی جنہیں ریلیف دیا گیا ہے کیا انہوں نے مانگا تھا؟ ایک سیاسی جماعت کو وہ حق دیا گیا جس کا وہ حق نہیں رکھتی، ہم سمجھتے ہیں کہ نظرثانی کی اپیل دائر کرنے میں حق بجانب ہیں، جن ایم این ایز کو ریلیف دیا گیا ہے کیا وہ عدلیہ کے سامنے موجود تھے، کیا انہوں نے یہ ریلیف مانگا تھا جو انہیں دیا گیا ہے؟وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ ذراع سے فنڈنگ لی ہے، 9 مئی کو ملکی دفاع پر ذاتی مفاد میں حملہ کیا، بانی پی ٹی آئی کا پورا خاندان اس حملے میں ملوث تھا، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں کور کمانڈر ہاؤس کے باہر موجود تھیں، قوم کو کہا جا رہا تھا کہ انقلاب برپا ہونے لگا ہے فوری طور پر اپنی اپنی لوکیشن پر پہنچیں، بانی پی ٹی آئی نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا، انہوں نے ملک کے دفاعی اداروں کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی حکومت ہی طالبان کو واپس لائی ہے جو اب انتشار کا باعث بن رہے ہیں ،ہم ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے جارہے ہیں اور پاک سرزمین کو دہشت گردوں سے پاک کریں گے ۔

Comments are closed.