امریکی انتظامیہ کی ایوان نمائندگان کمیٹی سے پاکستان کیلئے 10کروڑ 10 لاکھ ڈالر امداد کی درخواست
نیو یارک(آن لائن)امریکا کے اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈ لو نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی سے صدر بائیڈن نے پاکستان کے لیے 10 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی امداد مانگی ہے۔ امریکا کے اسسٹنٹ سیکریٹری خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا ڈونلڈ لُو امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے ہیں، جہاں انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے حوالے سے بریفنگ دی۔امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں پیشی کے موقع پر ڈونلڈ لو نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی حمایت پر توجہ مرکوز ہے، امریکی صدر جوبائیڈن کی طرف سے 10 کروڑ 10 لاکھ ڈالر پاکستان کیلئے امداد کی درخواست کی گئی ہے۔امریکہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو نے کمیٹی کو بتایا کہ امدادی رقم پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف جنگ، اقتصادی اصلاحات کے لیے قرض کی مد میں دی جائے گی، جب کہ اس رقم سے پاکستان کو اپنی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔امریکا کے اسسٹنٹ سیکریٹری نے مزید کہا کہ ہماری مکمل توجہ پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق پر مرکوز ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی ایوان نمائندگان نے بھاری اکثریت سے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔بعد ازاں، پاکستان کی جانب سے اس قرار داد پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تمام خدشات کو بے بنیاد قرار دیا گیا تھا اور امریکی قرار داد کو مسترد کرتے ہوئے قومی اسمبلی سے ایک قرارداد بھی منظور کی تھی۔
Comments are closed.