وفاقی حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ذمہ داری سے نکلنے کا فیصلہ

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ذمہ داری سے نکلنے کا فیصلہ کرلیا ہے اوروزیراعظم نے قیمتیں مقرر کرنے کا حکومتی اختیار ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔یہ فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کہ قیمتیں بڑھانے کے نتیجے میں حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ قیمتیں کم ہونے کی صورت میں حکومت کو مطلوبہ عوامی ستائش نہیں ملتی۔باخبر ذرائع کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مرحلہ وار قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینے کی تیاری کی جا رہی ہے اوروزیراعظم کی ہدایت پر وزیر پیٹرولیم نے اہم اجلاس آج جمعرات کو طلب کرلیاہے اور چئیرمین اوگرا کو قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کے اثرات اور لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کا حتمی فریم ورک وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔پیٹرولیم ڈیلرز نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتیں مقرر کرنے کااختیار دینے کی مخالفت کی تھی کیونکہ کھلا اختیار ملنے پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب ناجائز منافع خوری کا خدشہ ہے

Comments are closed.