ایک بندے کو دھڑا دھڑ انصاف دینے کے لیے مسیحا موجود ہیں : عظمیٰ بخاری
لاہور (آن لائن) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اس حکومت کی حیثیت اپوزیشن جیسی ہے کیونکہ ہمارے ہر اقدام کو بے اثر کردیا جاتا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک بندے کو دھڑا دھڑ انصاف دینے کے لیے مسیحا موجود ہیں لیکن حکومت جو بھی کارروائی کرے اس پر 5 منٹ میں ریلیف دیا جاتا ہے، ہماری درخواستیں عدالتی تعطیلات کے باعث موٴخر کردی جاتی ہیں۔ کیا یہ گرمی کی چھٹیاں صرف مسلم لیگ (ن) کے لیے ہیں۔ میں آج دیکھنے آئی ہوں کہ جو ریلیف قوم کی بیٹیوں کو ملتا ہے کیا وہ قوم کی بیٹیاں پی ٹی آئی کی ہیں یا ن لیگ کی بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے انصاف کا دوہرا معیار صرف ہمارے لئے ہے۔ ڈیفامیشن ایکٹ ہم نہیں بنا سکتے
, ہم قانونی کاروائی کرتے ہیں مگر اسے آگے نہیں چلنے دیا جاتا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نظر یہ آ رہا ہے کہ انصاف بس ایک جماعت کے لیے ہے، میں عدالت سے پوچھنے آئی ہوں کہ ہمیں انصاف کب ملے گا؟ صرف ایک جماعت کی عورتیں قوم کی بیٹیاں ہیں یا ہم بھی ہیں، کیا مریم نواز، مریم اورنگزیب قوم کی بیٹیاں نہیں؟ گھٹیا اور واہیات پروپیگنڈے کے باوجود میری لیڈر مریم نواز عوامی خدمت کیلیے کھڑی ہیں اور وہ پنجاب کے لوگوں کو ایئر ایمبولینس, مفت ادویات، لیپ ٹاپس، الیکٹرانک بائیکس, ورچوئل پولیس اسٹیشنز اور بچیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ میں 2 منٹ میں پٹیشن دائر ہوتی ہے، 15منٹ میں نمبر لگ جاتا ہے، میں یہی دیکھنے آئی ہوں کیا مجھے بھی اسی طرح انصاف ملتا ہے یا نہیں، جو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں صرف وہ محفوظ ہیں دوسرا کوئی نہیں۔
Comments are closed.