موجودہ حکومت ڈوب چکی‘ مسائل کا حل نئے الیکشن میں ہے‘ عمر ایوب
اسلام آباد (آن لائن)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ‘ پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ڈوب چکی‘ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس ان کے خلاف چارج شیٹ ہے ، مسائل کا حل نئے الیکشن میں ہے‘ بانی تحریک انصاف کا پیغام ہے قوم نئے الیکشن کی تیاری کرے ۔یہاں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب نے الزام عائد کیا کہ حکومت پاک فوج اور پی ٹی آئی کو آمنے سامنے لانے کی سازشیں کر رہی ہے تاہم یہ اپنے نا پاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ90 فیصد عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ایسے میں سا زشی حکمرانوں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ نو مئی، سولہ مارچ کو زمان پارک پر دھاوے اور اٹھارہ مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس حملے کی ویڈیو فوٹیجز منظر عام پر لائی جائیں تا کہ اصل حقائق سامنے آسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پانچ اگست کو اسلام آباد می میں بھر پور جلسہ کرنے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ڈوب چکی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس اس حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے ۔ عمران خان کی طرف سے قوم کو نئے الیکشن کی تیاری کا پیغام ہے ۔ کیوں کہ نئے الیکشن میں ہی ملکی مسائل کا حل ممکن ہے ۔عمران خان چاروں صوبوں کی زنجیر ہے، شہباز شریف کی حکومت کے چھکے چھوٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان نے پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتالی کیمپ کو بھی سراہا ہے ۔ ہمارے کیمپ کا مقصد ہمارے تمام اسیران کی رہائی، مہنگائی کے خلاف اور پاکستان میں امن قائم کرنا ہے، اس کا واحد حل صرف نئے انتخابات ہیں، عمران خان نے سب کو یہ پیغام دیا کہ کل کی جو کال تحریک تحفظ آئین نے دی ہے اس کو کامیاب بنائیں، پر امن احتجاج کریں، ہمارے احتجاج ہمیشہ پر امن رہے ہیں، عمران خان نے ہمارے صوبائی اور قومی اسمبلی کے ارکان کی کارکردگی کو خوب سراہا۔ اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی کنول شوذب نے کہا کہ بشری بی بی کو سیاسی ٹار گٹ کیا جا رہا ہے ۔ عمران خان کو توڑنے کے لئے بشری بی بی کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے ۔ پورے پاکستان کی خواتین بشری بی بی کے ساتھ کھڑی ہیں ۔ عون چوہدری نے عدت جیسے جھوٹے اور غلیظ کیس میں گواہی دی ۔ انہوں نے کہا سترہ سیٹیں جیتنے والی ن لیگ کی حکومت فارم سینتالیس کی بیساکھی پر کھڑی ہے ۔
Comments are closed.