تحریک انصاف نے اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج ملتوی کر دیا

اسلام آباد( آن لائن ) تحریک انصاف نے اسلام آباد میںآ ج ہونے والا احتجاج ملتوی کر دیا،پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاہے کہ عدالت نے پیر کے روز احتجاج کی اجازت دی ہے ،ہم عدالتی احکامات کی تعمیل کریں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔پی ٹی آئی کی آج اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت لینے کیلئے دائر درخواست پر دوبارہ سماعت ہوئی، جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے شعیب شاہین پیش ہوئے جب کہ ایڈووکیٹ جنرل بھی عدالت میں آئے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ آج اسلام آباد میں جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام کا احتجاج ہے ان سے ہم نے کہا کہ پریس کلب نہ سہی تو ایف نائن پارک میں احتجاج کی اجازت دے دیں۔ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کی وجہ سے پورا اسلام آباد بند ہے، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے جماعت اسلامی کو اجازت دی ہے؟جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے استفسار کیا کہ میں پیر کا بتارہی ہو۔آپ کیوں اجازت نہیں دے رہے؟ عدالت نے سوال اٹھایا کہ یہ کیوں احتجاج نہیں کرسکتے؟ دھرنوں سے ان کے احتجاج کا کیا تعلق ہے؟۔جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ریمارکس دیئے کہ پھر ان کو پیر کیلئے اجازت دے دیں۔ جماعت اسلامی کو ضلعی انتظامیہ نے کب اجازت دی؟ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ جماعت اسلامی کو بھی ہم نے اجازت نہیں دی۔ جمعیت علمائے اسلام نے بھی جمعہ کے بعد احتجاج کی کال دے رکھی ہے، انہیں ابھی اجازت نہیں دے سکتے، ہم نے پورا اسلام آباد بند کیا ہوا ہے۔عدالت نے کہا کہ کیوں پورا اسلام آباد بلاک کیا ہوا ہے؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ ہم نے دفعہ 144 نافذ کی ہوئی ہے۔

جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا کہ دفعہ 144 میں جو جگہ اپ نے لکھے ہیں اس میں ایف نائن پارک کا علاقہ تو آتا نہیں، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ہم نے پورے اسلام آباد کو بند کیا ہوا ہے، ریڈ زون کو واضح کیا ہے، باقی پورا اسلام آباد بند ہے۔عدالت نے کہا کہ یا تو کہہ دیں کہ آپ نے پی ٹی آئی کو احتجاج کی کبھی اجازت نہیں دینی۔ آپ کہہ رہے ہیں کہ تاقیامت نہیں ہوگا؟ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا کہ اس کو اتنا لمبا نہ کریں، مختصر بات کریں جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ اس وقت پورا اسلام آباد بلاک کیا ہوا ہے۔بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

Comments are closed.