وزارت داخلہ نے کالعدم ٹی ٹی پی کو ”فتنہ الخوارج“ قرار دے دیا
اسلام آباد(آن لائن)وزارت داخلہ نے کالعدم ٹی ٹی پی کو ”فتنہ الخوارج“ قرار دے دیا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس دہشت گرد تنظیم سے وابستہ افراد کی طرف سے استعمال کیے جانے والے تمام معزز مذہبی القاب جیسے ‘مفتی’ اور ‘حافظ’ استعمال نہیں کیے جائیں گے۔دفاعی ذرائع کے طمابق حکومت پاکستان نے نام نہاد شریعت کا لبادہ اوڑھے دہشت گردوں کیخلاف بڑا اقدام اٹھایا ہے ‘پاکستان کی عوام، دفاعی اداروں اور ملکی سالمیت کی دشمن دہشت گرد تنظیموں نے اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ذرائع کے مطابق درحقیقت ان دہشت گردوں نے شریعت اور مذہب کی آڑ میں اسلام کے تشخص کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے ۔یہ دہشت گرد اسلام میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ہیں بلکہ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اپنے شیطانی ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں
۔اسلامی تعلیمات کے مطابق ایسے ناپاک عناصر کو فتنہ الخوارج کہتے ہیں ۔ان خوارج کو اسلام اور پاکستان کو مزید نقصان پہنچانے سے روکنے کیلئے وزارت داخلہ نے وقت کی اہم ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا کر دیا۔نوٹیفیکیشن کے مطابق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی اسلام کی حقیقی تعلیمات کے منافی حرکات اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے باعث اب سے ٹی ٹی پی کو ”فتنہ الخوارج” کہا جائے گا۔مزید برآں، اس دہشت گرد تنظیم سے وابستہ افراد کی طرف سے استعمال کیے جانے والے تمام معزز مذہبی القاب جیسے ‘مفتی’ اور ‘حافظ’ استعمال نہیں کیے جائیں گے۔۔اس کے بجائے، تمام خط و کتابت اور دستاویزات میں ان کے ناموں کے ساتھ لفظ ”خارجی” لکھا اور پڑھا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد تنظیم کی حقیقی نوعیت اور نظریے کی عکاسی کرنا ہے‘نوٹیفیکیشن میں تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ ہدایات کو فوری طور پر لاگو کریں۔ یہ نوٹیفیکیشن وفاقی وزارتوں/ ڈویژنوں اور دیگر انتظامی کنٹرول کے تحت تمام محکموں اور اداروں کو بھی بھیجا جائے گا۔
Comments are closed.