بلاول بھٹو کا خیبر پختونخوا میں بارش کے دوران جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخواہ صوبے میں بارش کے دوران جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت پر زور دیا ہے کہ متاثرین کی فوری و بلاامتیاز مالی معاونت کو یقینی بنایا جائے۔، پی پی پی چیئرمین نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے صورتحال خراب ہے۔ انہو ں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ، کوہاٹ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر، سوات اور صوابی کے اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے بارش کے دوران کوہاٹ میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد سمیت شبقدر اور دیگر علاقوں میں ہونے والے جانی نقصان پر اپنے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے بارش کے دوران حادثات میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت بارش سے ہونے والے نقصان کا سروے کرائے، اور متاثرین کی بلاامتیاز مالی معاونت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام مون سون کے دوران لینڈ سلائڈنگ اور اس طرح کے حادثات کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدام کریں۔ انہوں نے خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں پھنسے ہزاروں سیاحوں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے زور دیا کہ خیبرپختونخواہ کیجیالے بارش متاثرین کی امداد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس مشکل گھڑی میں خیبرپختونخواہ کی عوام کے ساتھ ہے اور بارش متاثرین کی فوری و موثر امداد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
Comments are closed.