ارشد شریف قتل کیس :ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی مہلت دینے کی استدعا منظور
اسلام آباد( آن لائن)ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فارو ق نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا،جس میں کہاگیاہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی مہلت دینے کی استدعا منظور کی جاتی ہے، آئندہ سماعت پر وزارت داخلہ ، وزارت قانون کے نمائندے پیش ہوئے ،کیس کی آئندہ سماعت 6اگست کو مقرر کی جائے۔ سینئر صحافی حامد میراوراظہر صدیق ایڈووکیٹ نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔
بدھ کوجاری تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور سپیشل جے آئی ٹی کے سربراہ عدالت میں پیش ہوئے،دونوں افسران کے مطابق کینیا حکومت سے میوچل لیگل اسسٹنس کا معاہدہ نہیں ہوا ہے،درخواستگزار وکیل کے مطابق ارشدشریف قتل کیس کی تحقیقات کافی عرصے سے التوا کا شکار ہے،وکیل کے مطابق حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کا قیام شفاف تحقیقات کا تقاضا ہے۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ وکیل کے مطابق 2024میں مجموعی طور پر 7صحافیوں کا قتل ہوا، وکیل نے استدعا کی کہ صرف ارشد شریف ہی نہیں ، بقیہ صحافیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے بھی جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے،ایڈیشل اٹارنی جنرل کی جانب سے اپنا موقف جمع کرانے کیلئے وقت کی استدعا کی گئی ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو وقت دیا جاتا ہے، آئندہ سماعت پر وزارت داخلہ ، وزارت قانون کے نمائندے پیش ہوئے ،کیس کی ا?ئندہ سماعت 6اگست کو مقرر کی جائے۔
Comments are closed.