پی ٹی آئی کا چاروں صوبوں کے لوگوں پر مشتمل گر ینڈ الائنس بنانے کا اعلان

راولپنڈی (آن لائن) پی ٹی آئی نے آئندہ چند دنوں میں چاروں صوبوں کے لوگوں پر مشتمل گر ینڈ الائنس بنانے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ناجائز گرفتاری کے خلاف ایک تاریخی جلسہ کیا جائے گا ۔ جس میں پورا ملک شامل ہو گا ۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی پر بھی ایک بار پھر عدم اعتماد کا اظہا ر کرتے ہوئے ان سے کیسز نہ سننے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ اڈیالہ جیل کے باہر اسدقیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے آج ملاقات ہوئی ہے انہوں نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ بانی پی ٹی آئی نے مغربی ممالک کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ممالک کو نظر نہیں آر ہا کہ غزہ میں قتل عام ہورہا ہے۔

اسرائیل آج ہر قدم غلط اٹھاتا ہے اور اس کو روکنے والا کوئی نہیں۔ سب ممالک مل کر فلسطین میں امن قائم کریں۔ انہوں نے 5 اگست کو صوابی میں تاریخی جلسہ عام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی خاطر آپ نے ثابت کرنا ہے کہ آپ کی مقبول ترین پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلی علی امین گنڈا پور کی میزبانی میں جلسہ کریں گے‘ فوج عوام میں سے ہوتی ہے، فوج اور عوام کے درمیان خلیج ن لیگ والے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس پر ایک بار پھر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ قاضی فائز کو ہمارے کیسز ہی نہیں سننے چاہئیں۔ چیف جسٹس کو چاہئے کہ توشہ خانہ کا کیس سنیں، یا کسی اور کو دے دیں۔ انہوں نے کہا ہمارے ہاتھوں میں رہائی کی روبکار تھی، لیکن بشری بی بی کو رہا نہیں کیا گیا۔ ہمارے سوشل میڈیا ٹیم کے لوگ ہیں

، روف حسن کو سی ٹی ڈ ی کی تحویل میں رکھا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ 3 لاکھ روپے دے کر بارود پی ٹی آئی کے دفتر میں رکھا گیا ہے۔ خفیہ ایجنسیوں نے ہمارے ایم این اے حاجی امتیاز کو ٹکر ماری اور اینٹی کرپشن میں رکھا۔ اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے گرینڈ الائنس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں ہم گرینڈ الائنس بنائیں گے ۔ خیبر پختونخواہ، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو اس الائنس میں شامل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ناجائز طور پر گرفتاری کے خلاف جلسہ کیا جائے گا ۔ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی اور ورکرز کے لیے ہم نے آواز اٹھائی ہے۔ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخواہ کے لوگوں کو کہتے ہیں آئیں جلسے میں شامل ہوں‘ہم ملک کو آئین اور قانون کے مطابق چلانے کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے مہنگائی کے خلاف جاری دھرنے اور مطالبات کو سپورٹ کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کر کے غریب کی کمر کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔ سب ممالک مل کر فلسطین میں امن قائم کریں۔

Comments are closed.