حکومت مطالبات کے ناقابل عمل ہونے کا پیغام بھجوا رہی ہے‘امیر جماعت اسلامی

راولپنڈی (آن لائن)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت مطالبات کے ناقابل عمل ہونے کا پیغام بھجوا رہی ہے۔ راولپنڈی میں بجلی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دو مذاکراتی سیشنز میں حکومت کے پاس کسی بھی بات کا کوئی جواب نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت یہ کہلوانے کی کوشش کر رہی ہے کہ جماعت اسلامی کے مطالبات قابل عمل نہیں ہے، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا جو قابل عمل نہ ہوں۔امیر جماعت اسلامی کے مطابق حکومت کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وہ مطالبات پر عمل در آمد کریں اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے، ہم سے بجلی کی قیمت وصول کریں اضافی ٹیکس نہ لیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کیپیسٹی چارجز ادا نہیں کرے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر دو دن میں حکومت نے چیزوں کو صحیح نہیں کیا، بات آگے نہیں بڑھائی اور میڈیا کے سامنے اپنا مقدمہ پیش نہیں کیا تو ہم وہ سارے ایکشنز لیں گے جس کا ذکر میں پہلے کرچکا ہوں۔حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ ہمارے دھرنے بڑھیں گے، ہم شہراوں پر بیٹھیں گے، ہڑتال کریں گے۔قبل ازیں رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اگر حکومت غیر سنجیدہ نظر آئی تو مذاکرات سے علیحدہ ہوجائیں گے.رہنما جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کمیٹی سے کمیٹی نکلی تو پھر کمیٹی چوک پراحتجاج ہوگا۔یاد رہے کہ مہنگی بجلی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا ساتویں روز میں داخل ہوگیا ہے جبکہ حکومت نے جماعت اسلامی کے مطالبات پر پیشرفت کیلئے مزید وقت مانگ لیا ہے۔

Comments are closed.