سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اشتہارات چلاتے ہیں ٹیکس نہیں دیتے ،چیئرمین پی ٹی اے

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کو بتایا کہ حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کو فالو نہ کرنے کی وجہ سے ایکس(ٹوئٹر)پر پابندی برقرار ہے کیونکہ وہ صرف ہماری گائیڈ لائنز پر سات فیصدعمل کرتے ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کو کھولنے میں انہیں کوئی مسئلہ نہیں جس دن حکومت کہے گی کھول دیں گے ۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنے اشتہارات تو چلاتے ہیں مگر ٹیکس نہیں دیتے ،اگلے سال مارچ اپریل میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کر دیں گے جس پر کام جاری ہے ،قائمہ کمیٹی نے تمام موبائل فونز کمپنیز کے مالکان کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا ۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رانا محمود الحسن کی صدارت میں ہوا جس میں سیکرٹری کابینہ کامران افضل سمیت چیئرمین پی ٹی اے اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی ۔چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے بتایا کہ ہم نے اب تک مجموعی طور پر 2112 لائسنس جاری کئے ،تین سالوں میں 602 لائسنسوں کی تجدید کی گئی ،گزشتہ سال پی ٹی اے کو 860 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا ،اس سال کا ہدف950 ارب ہے ،موبائل رجسٹریشن کی مد میں 60 ارب سے زائد کمائے ،پاکستان کی 56 فیصد آبادی براڈ بینڈ سے منسلک ہے جبکہ پی ٹی اے لائسنس یافتہ کمپنیوں کے ذریے21 ہزار کلو میٹر سے زائد فائبر آپٹیکل کیبل بچھائی گئی ،ملک میں 52 ہزار سے زائد ٹاورز ہیں ،ہر سال ان کی ریچ بڑھائی جارہی ہے جبکہ پانچ سالوں میں یونیورسل سروسز فنڈز کی مد میں چالیس ارب روپے حاصل کئے جو کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے استعمال ہوتے ہیں ،فور جی کی سہولت تمام اضلاع کو حاصل ہے تاہم بڑے بریک ڈاؤن اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے فور جی کی سہولت متاثرہوتی ہے ،حکومت کی ہدایت پر موبائل سروس بند کرنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، سروس کا معیار بہتر بنانے کے لئے ہم نے 643 مقامات کا سروے کیا جہاں سروس معیاری نہ تھی وہاں شوکاز نوٹس جاری کئے

،ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 562 میگاہرٹز سپیکٹرم دستیا ب ہے ،فائیو جی سپیکٹرم کی مارچ اپریل 2025 میں نیلامی کریں گے اس حوالے سے تمام انفراسٹرکچر مکمل کرلیا گیا ہے ،ٹیلی ناریوفون میں ضم ہو رہا ہے ،ٹیلی نار والے کہتے ہیں یہاں انڈسٹری کی صورت حال اچھی نہیں وہ نقصان میں جارہے تھے وہ اپنا بزنس پورے ایشیا سے بند کر کے یورپ منتقل ہو رہے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ نئے لائسنس آزاد کشمیر کے علاوہ باقی جگہوں پر دیئے جارہے ہیں ،سٹیلائٹ پالیسی کے قواعد مکمل کرلئے گئے ہیں کوئی بھی کمپنی لائسنس لے سکتی ہے تاہم موبائل سروسز اور نیٹ استعمال کرنے کے دوران اشتہار چلنے پر ابھی کوئی ٹیکس عائد نہیں جس پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم سوشل میڈیا اور عالمی آئی ٹی و سوشل میڈیا کمپنیوں سے ٹیکس وصول کرنے پر کام کررہے ہیں ابھی مشکلات ہیں ،سوشل میڈیا کو بزنس مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے لیکن ٹیکس کوئی نہیں ،فاروق نائیک نے کہا کہ حقیقت ہے کہ یہاں کوئی ٹیکس نہیں دینا چاہتا ، سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے استعمال والے ٹیکس نہیں دیتے اور ایسے پلیٹ فارمز بند کر دیں ۔موبائل فون کو سستا کیا جائے ،اشتہارات چلانے والوں سے بھی ٹیکس لیا جائے ،سیکرٹری کابینہ کامران افضل نے کہا کہ ٹیکس ایف بی آر کا معاملہ ہے اس پر پالیسی آنی چاہیے فیصلہ حکومت نے کرنا ہے ،یہاں پر بھی اقساط پر موبائل فونز دیئے جائیں ،ٹیلی فون اور موبائل کی تیاری ملک کے اندر تیز کی جائے تا کہ موبائل سستے ہوں ۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیر اعظم سے بات کریں گے ،چیئرمین کمیٹی رانا محمود الحسن کا کہنا تھا کہ موبائل فونز کمپنیاں پیسے یہاں سے کما کر باہر لیکر جارہی ہیں ہم شدید مالی بحران کا شکار ہیں

،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ 37 مقامی کمپنیوں نے پانچ سالوں میں 2 کروڑ سے زائد موبائل فونز پاکستان میں تیار کئے تاہم پاکستان میں موبائل صارفین پر ٹیکس بہت زیادہ ہے ،ایک صارف کو 100 روپے کے کارڈ پر 34.50 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے ،سری لنکا میں یہ 20 فیصد اوربھارت میں 18.5 فیصد ہے ،یہ سب ایف بی آر کو جاتا ہے،افسوس ناک بات یہ ہے کہ بھارت نے 3ارب ڈالر فائبرآئزیشن پر لگائے ہم نے تین سال میں اس مد میں ایک پیسہ بھی نہیں رکھا ۔ہمارے سسٹم پر دو سالوں میں کوئی فائبر سکیورٹی حملہ نہیں ہوا ،خلاف قانون و قواعد،سوشل میڈیا مواد کے خلاف ایکشن لیا ،چار سالوں میں 3 لاکھ سے زائد سائٹ بلاک کر دیں اور یہ حکومت یا عدالت کے حکم پر کرتے ہیں ،ہم فیس بک اور ٹوئٹر کو بلاک کرسکتے ہیں لیکن موبائل کو نہیں، ٹوئٹر کھولنے بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ جس دن حکومت کہے ہم ایکس کھول دیں گے تاہم اس کے پالیسی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد پر ایشو ہیں، اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ موبائل یا ٹیلی فونز کالز کی ریکارڈمیں پی ٹی اے کا کوئی کردار نہیں ،کالز ریکارڈنگ کے حوالے سے نامزد ایجنسی کو اختیار دیا گیا ہے اور اس کا طریقہ کار طے ہے ،اشتعال انگیز مذہبی پوسٹ بچوں سے زیادتی اور اخلاقی اقدار کے منافی پوسٹ اب بھی لگ رہی ہیں اس کو دیکھا جانا ضروری ہے ،چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ تین سالوں میں سوشل میڈیا بارے 9 لاکھ 82 ہزارشکایات میں سے 9 لاکھ80 ہزار نمٹا دی گئیں، وی پی این کو بند کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے ،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک صارف سے اوسطً 1.05 ڈالر ریونیو وصول کیا جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ موبائل فون کمپنیز پی ٹی اے سے مطمئن ہیں آپ ان کو مالکان کو بلا لیں اگر وہ مطمئن نہ ہوئے تو میں استعفا دے کر گھر چلا جاؤں گا ہم نے ہمیشہ ان سے تعاون کیا ہے، کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں تمام موبائل فونز مالکان کو طلب کرلیا ،اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فیس بک ،ٹوئٹر و دیگر پلیٹ فارمز کو سکیورٹی خدشات ہیں اس لئے وہ اپنے دفاتر یہاں نہیں کھول رہے ،پھر قانونی ایشوز بھی ہیں جنہیں دور کرنے کے لئے 4 سے6 ہفتوں میں پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جائے گی ،سب سے بڑا مسئلہ ڈیٹا کی حفاظت کرنا ہے ،چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ موبائل سمز کا غلط استعمال روکا جانا بھی ضروری ہے ،یہ سمزدہشت گردی کے واقعات میں بھی استعمال ہوئی ہیں ۔

Comments are closed.