شہید اسماعیل ہنیئہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،مولانا فضل الرحمان

دوحہ :سربراہ جمعیت علماء اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمان گذشتہ شب جدہ سے سیدھا قطر پہنچے ُمولانا فضل الرحمان نے گذشتہ رات پہنچتے ہی قطر میں فلسطین اور حماس کے رہنماؤں سے ملاقات کی ۔ مولانا فضل الرحمان نے ہفتہ کی صبح وفد کے ہمراہ حماس رہنما خالد مشعل سے ملاقات کر کے جمعیت علماء اسلام اور پاکستان کی عوام کی جانب سے اسماعیل ھنیئہ کی شہادت پر تعزیت کی ۔مولانا فضل الرحمن نے شھداء غزہ کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی ۔مولانا فضل الرحمان کے حکم پر گذشتہ روز ملک بھر میں اسماعیل ھنیئہ کی شھادت پر اسرائیل کے خلاف بھرپور مظاہرے کئے گئے ۔

مولانا فضل الرحمان کے حکم پر جے یو آئی کے ممبران نے قومی اسمبلی،سینیٹ،کے پی اور بلوچستان اسمبلی میں قراردادیں بھی پیش کی ہیں۔مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر شہید اسماعیل ہنیہ کے لئے ملک بھر کے مساجد اور مدارس میں قرآن خوانیاں بھی کی گئیں ۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ شہید اسماعیل ہنیئہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،مرحوم کی شہادت سے فلسطین کی جدوجہد آزادی کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر پورا عالم اسلام افسردہ ہے،مسجد اقصی کو صیہونی غاصبوں سے آزاد کرنا مسلمانوں پر فرض ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حماس رہنماؤں کے حوصلے بھت بلند تھے،فلسطینی عوام اورامت مسلمہ کسی صورت مسجد اقصی اور فلسطین کی آزادی سے دستبردار نہیں ہونگے، جے یوآئی اور پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں،دعاء ہے کہ اللہ کریم مرحوم کی شہادت کو قبول فرمائے اور ان کو اپنے شایان شان جزاء عطاء فرمائے۔ اللہ کریم لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ علامہ راشد محمود سومرو اور مفتی ابرار احمد بھی وفد میں شامل تھے۔

Comments are closed.