دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں‘وزیراعظم

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں‘شہید افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی زمہ داری ہے؛ اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہیں ہونے دیں گے۔

یوم شہدائے پولیس کے موقع پرایک پیغام میں پولیس کے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یوم شہدائے پولیس، بہادر پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو یاد کرنے کا دن ہے‘ جرائم کی سرکوبی کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں لازوال ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں‘پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا‘شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں؛ پوری قوم شہید پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی زمہ داری ہے؛ اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہیں ہونے دیں گے‘ وفاقی حکومت شہداء کے بچوں کی تعلیم و صحت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی‘شہداء کے خاندانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا‘ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے دور میں شہدائے پولیس کے خاندانوں کے لئے ایک بڑا اور تاریخی پیکج دیا تھا۔

Comments are closed.