لاہور(آن لائن) سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی انسداد دہشت گردی عدالت میں طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا ہے تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل اسد عمر کے وکیل نے بتایا کہ انہیں دل میں تکلیف ہوئی ہے جس پر انہیں کمرہ عدالت سے اٹھا کر مرکزی گیٹ پر موجود گاڑی میں منتقل کیا گیا اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی انہیں لے کر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) روانہ ہو گئے۔
دریں اثنا اسد عمر کے وکیل رانا مدثر نے بتایا کہ اسد عمر کے پی آئی سی میں ابتدائی ٹیسٹ مکمل ہوگئے ہیں ان کی ای سی جی ٹھیک آئی ہے قبل ازیں 9 مئی کو تھانہ شادمان جلانے، عسکری ٹاور جلاؤگھیراؤ کے مقدمات میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت پیش ہوئے. اسی طرح تحریک انصاف کے راہنما رکن قومی اسمبلی زین قریشی ‘اسدعمر‘مسرت چیمہ اور دیگر9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانت ختم ہونے پر عدالت پہنچے تھے مسرت جمشید چیمہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر کو دل کی تکلیف کی شکایت ہوئی ہے میرے شوہر کا بھی ہارٹ کا آپریشن ہوا ہے، خدارا اب بس کردیں اور کتنے لوگوں کی جانیں لیں گے۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی صورتحال سب کے سامنے ہے میں یہ نہیں کہتی کہ خدانخواستہ اس طرح کے حالات ہوں لیکن صورتحال کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے
انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک سے حکومت نہیں چلتی ہے. یاد رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
Comments are closed.