بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کو واقعات پر مشروط معافی مانگنے کیلئے آمادگی کا اظہار
راولپنڈی (آن لائن) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نو مئی کو واقعات پر مشروط معافی مانگنے کے لئے آمادگی کا اعلان کر تے ہوے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج دیں اگر ان میں پاکستان تحریک انصاف کے لوگ ہوئے تو معافی بھی مانگوں گا ، ملوث لوگوں کو پارٹی سے نکال کر سزا بھی دلاوں گا ۔ کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آئی ایس پی آر نے کہا ہم 9 مئی پر معافی نہیں دیں گے تو ہم بھی معاف نہیں کریں گے۔ ظلم ہمارے ساتھ ہوا،ہمارے 10 ہزار لوگوں کو جیل میں ڈالا گیا۔ ہمیں الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا ہمارے پارٹی پر پابندی لگائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سانحہ 9 مئی کے متاثرہ ہیں ہم انصاف چاہتے ہیں۔ ہم نے چیف جسٹس سے بھی کہا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔
ہماری 25 مئی کی پٹیشن کو نہیں سنا گیا۔ انہوں نے مزید گلے شکوے کرتے ہوئے کہا مجھے رینجرز کی جانب سے اغواء کیا گیا، سپریم کورٹ نے کہا یہ غیر قانونی ہے اس کے باوجود مجھے اور میرے وکلاء کو مارا گیا ہمیں گھسیٹ کر لے کر گئے ۔ انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کیا آئی ایس پی آر کی عزت ہے اور کسی کی عزت نہیں ہے ۔ میرے اغواء پر مجھ سے معافی مانگی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائی جائے ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کا ایک بھی کارکن آیا تو معافی مانگوں گا۔ سانحہ 9 مئی میرا کوئی کارکن ہوا تو اس کو پارٹی سے نکال دوں گا ۔ہمارا جرم ثابت ہوا تو معافی بھی مانگوں گا ۔انہوں نے کہا کہ آئین ہمیں اجازت دیتا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ اور جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کریں ۔ آئی ایس پی آر اپنے اعمال دیکھے ۔ مشرف نے نواز شریف، آصف زرداری کے کیسسز دیکھائے، ان کو این آر او ٹو دیا گیا ۔ نواز شریف اور آصف زرداری کے 1100 ارب روپے کے کیسسز معاف کیئے گئے ۔ 20 سیٹوں والی جماعت کو دھاندلی زدہ الیکشن سے پھر ہم پر مسلط کر دیا گیا ۔
آئی ایس پی آر ایک قومی ادارہ ہے اور اس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ۔ ۔ عوام ایک طرف ہے اور یہ دوسری طرف کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا صوابی کے جلسے نے ثابت کر دیا کہ عوام کیا چاہتی ہے ۔ فوج بات نہیں کرنا چاہتی تو نہ کرے، ہم بھی بات نہیں کریں گے۔ ہم فارم 47 والی حکومت سے کسی صورت بات نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا معافی وہ مانگتا ہے جس نے غلطی کی ہے، ہم نے کوئی غلطی نہیں کی ۔میرا نام، نواز شریف، آصف زرداری اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔ انہوں نے کہا بنگلہ دیش کے حالات کے بعد ملک میں کچھ برا ہونے جارہا ہے۔ محسن نقوی کی اہلیہ کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے اس کی 500 ملین کی پراپرٹی ملک سے باہر ہے۔
Comments are closed.