بنگلہ دیشی وزیراعظم کو اقتدار اور ملک سے نکالنے کا طریقہ کار غلط ہے، فواد چوہدری

راولپنڈی (آن لائن) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جس طرح بنگلہ دیشی وزیراعظم کو اقتدار اور ملک سے نکالا گیا بہت غلط ہوا لیکن جب لوگوں کو دیوار سے لگا دیا جائے تو حالات بگڑتے ہیں پاکستان میں معیشت مستحکم کرنے کے لئے سیاست میں ٹھہراوٴ ناگزیر ہے اور سیاست میں ٹھہراوٴ تبھی ممکن ہے جب تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کو سیاست میں شامل کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اینٹی کرپشن عدالت راولپنڈی میں کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو میں کیا انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سابق چیئرمین ملک میں سیاسی ٹمپریچر نیچے لانے کے لئے مسلسل جو بات اور کوشش کر رہے ہیں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی اس کا مثبت جواب دینا چاہئے کیونکہ تحریک انصاف اور سابق چیئرمین کے روئیے میں جو تبدیلی آئی ہے اسے مثبت لیا جانا ضروری ہے ورنہ بنگلہ دیش کی صورتحال سب کے سامنے ہے ایک وزیراعظم کو جس طرح اقتدار اور ملک سے نکالا گیا ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا

ان کے جانے سے ملک میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے بنگلہ دیش فسادات کی لپیٹ میں ہے اپنے ہی گروہ میں عوامی لیگ کے 39 افراد ماردئیے گئے اس وقت وہاں ایسی کوئی قیادت نہیں جو حالات کو سنبھال کر معاملات کو معمول پر لا سکے انہوں نے کہا کہ جب لوگوں کو دیوار سے لگایا جاتا ہے تو حالات بگڑ جاتے ہیں لیکن ہم نے حالات کو بگڑنے نہیں دینا پاکستان میں تبدیلی کے لئے سابق چیئرمین کے مزاج اور ان کی باتوں کو سمجھ کر مثبت جواب دیا جائے اس کے علاوہ کوئی دوسرا حل نہیں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں حکومت بجلی سمیت مختلف مدات اور تنخواہ دار طبقے پر بھاری ٹیکس لگا کر پیسہ اکٹھا کر رہی ہے کروڑوں روپے اپنی تشہیر پر ضائع کئے جارہے ہیں اپنے لوگوں کو نوکریاں اور تنخواہیں دینے کے لئے عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبانا انتہائی نامناسب پالیسی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کی سیاست میں ٹھہراوٴ لانا ہوگا اور سیاست میں ٹھہراوٴ تبھی ممکن ہے جب سابق چیئرمین کو سیاست میں شامل رکھا جائے۔

Comments are closed.