اسلام آباد (آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی کامیابیوں پر فخر ہے ،یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور ایک خوشحال، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کیلئے مواقع اور وسائل فراہم کریں،آئیے مل کر اپنے نوجوانوں کی نشوونما اور مدد کریں کیونکہ پاکستان کا مستقبل ان کی کامیابی میں مضمر ہے۔نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نوجوانوں کے عالمی دن پر پاکستان کے متحرک نوجوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نوجوان ہمارے مستقبل کی ضمانت ہیں۔ آج ہم نہ صرف نوجوان نسل کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہیں بلکہ ملکی ترقی میں ان کے کردار کو بھی سراہتے ہیں۔ پاکستانی نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ وہ مستقبل کے خواب دیکھنے والے لیڈر ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور ایک خوشحال، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کیلئے مواقع اور وسائل فراہم کریں، وزیراعظم کا یوتھ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔صدر نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ وہ مستقبل کے خواب دیکھنے والے لیڈر ہیں۔
یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور ایک خوشحال، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کیلئے مواقع اور وسائل فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یوتھ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم جیسے اقدامات کے ذریعے ملک بھر میں6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ امر یقینی بنا رہے ہیں کہ ہمارے طلبا ڈیجیٹل دنیا میں کامیابی کیلئے لیس ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ بزنس لون پروگرام کے تحت 186 ارب روپے تقسیم کرنے سے کاروباری افراد کی ایک نئی نسل پروان چڑھی ہے جو کہ نہ صرف نوکریاں پیدا کر رہی ہے بلکہ معاشی ترقی کو بھی آگے بڑھا رہی ہے۔مزید برآں، یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 4 لاکھ 50 ہزار نوجوانوں کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کیلئے تربیت فراہم کی گئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں کو اسپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ اور گرین یوتھ موومنٹ کے ذریعے فعال کرنے سے نہ صرف جسمانی تندرستی کو فروغ مل رہا ہے بلکہ ماحول کی جانب ذمہ داری کا احساس بھی بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور صدر، مجھے اپنے نوجوانوں کی کامیابیوں پر بہت فخر ہے۔
Comments are closed.