سپریم کورٹ :ن لیگ کے 3 امید وار کامیاب قرار

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 154، این اے 81 اور این اے 79 پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنماوٴں کو کامیاب قرار دے دیاہے۔سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماوٴں کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کردیا۔ پیرکوسپریم کورٹ نے دو ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا، اکثریتی فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے جو احترام کا مستحق ہے

، لاہور ہائیکورٹ کے ججز نے الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ممبران سے متعلق غیر ضروری ریمارکس دیے، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔جسٹس عقیل عباسی نے فیصلے سے اختلاف کیاواضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے عبد الرحمن کانجو، اظہر قیوم نہرا اور ذوالفقار احمد نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔این اے 154 لودھراں، این اے 81 گوجرانوالہ اور این اے 79 گوجرانوالہ میں اعتراضات عائد کئے گئے تھے۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی اپیلیں منظور کر لی تھیں، الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے تینوں امیدواروں کے کامیابی کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیئے تھے۔

جاری فیصلے میں اب مسلم لیگ (ن) کے رہنما عبد الرحمٰن کانجو، اظہر قیوم نہرہ اور ذوالفقار احمد کی اپیلیں منظور کی گئی ہیں۔25 اپریل کو لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ دو آزاد ممبر قومی اسمبلی کو قومی اسمبلی کے اپنے حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کے نوٹسز کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔بعد ازاں لیگی رہنماوٴں عبدالرحمن کانجو، اظہر قیوم نہرا، ذوالفقار احمد نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، این اے 154 میں عبد الرحمٰن کانجو دوبارہ گنتی میں رانا فراز ن سے جیت گئے تھے، اظہر قیوم نہرا این اے 81 میں دوبارہ گنتی میں رانا بلال اعجاز سے جیت گئے تھے جبکہ ذوالفقار احمد این اے 79 میں احسان اللہ سے دوبارہ گنتی میں جیت گئے تھے۔

Comments are closed.