آج ہر ایک اہلکار، جج، حکمران اور فوجی آئین توڑتا ہے، شاہد خاقان عباسی
کراچی (آن لائن)نو تشکیل شدہ سیاسی جماعت عوام پاکستان پارٹی نے اپنا ”وژن ڈاکیومنٹ“ پیش کردیا ہے۔سابق وزیراعظم، بانی و کنوینر عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں عوام پاکستان پارٹی کے مقاصد اور سوچ اور نظریہ پر مبنی دستاویز کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے چار ہفتے پہلے عوام پاکستان پارٹی کو اسلام آباد میں لانچ کیا گیا، اس وقت ہم نے کہا تھا ہم اپنا منشور نہیں رکھیں گے، کیونکہ منشور جماعتیں بناتی ہیں کہ ہم یہ کریں گے وہ کریں گے، اس لیئے ہم نے پاکستان کے واضح مسائل کے حوالے سے وژن ڈاکیومنٹ بنایا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے اپنے وژن دستاویزات میں عوامی مسائل اور اس کے حل بھی رکھے ہیں، ہم نے اپنے دستاویزات میں شامل کیا ہے کہ عوام کو سب سے پہلے رکھنا ہوگا،
ہم نے عوام کو سہولتیں دینی ہوں گی،ہم نے اپنے عوام کو بجلی، پانی، گیس اور روزگار دینا ہوگا، اگر ہم نے اپنے مسائل کا حل ڈھونڈنا ہے تو آئین میں دیکھنا ہوگا، وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جو آئین میں نہیں چلتا۔انہوں نے کہا کہ حلف بھی آئین کا حصہ ہے، آج ہر ایک اہلکار، جج، حکمران اور فوجی آئین توڑتا ہے، ہم 77 سال سے اسی خرابی کو آگے بڑھا رہے ہیں، آج تمام جماعتوں کو صرف اقتدار سے مطلب ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ دن پہلے بجٹ آیا لیکن اس میں عوام کیلئے کوئی سہولت نہیں ہے، بجٹ میں دو کروڑ سے زائد بچوں کی تعلیم کی کوئی بات نہیں کی گئی، ہم نے انسانی وسائل کیلئے کچھ نہیں کیا، ہمیں انسانی وسائل کیلئے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے تمام انڈسٹریز نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے، ایک بندہ اپنے وسائل کے بدولت ملک میں سونے کا تمغہ لے کر آیا ہے، جب وہ یہاں سے گیا تو کوئی وفاقی وزراء موجود نہیں تھے، لیکن جب وہ واپس آیا تو تمام وزراء آگئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوام پاکستان پارٹی کے رہنما ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ہم نے عوامی مسائل کے حل پیش کردیے ہیں، پاکستان میں صحت کابحران ہے، پاکستان میں غربت بڑھ گئی ہے، دس کروڑ افراد سطع غربت کی لکیرسے نیچے آگئے ہیں، پاکستان میں افراد کی اوسط عمر کم ہو رہی ہے، پاکستان میں خواتین انیمیا کی کمی کا شکارہیں، ہر تیسرا شخص شوگرکامریض ہے، ہمیں صحت کو ترجیح بنانا ہوگا، ہمیں اپنے افراد کی صحت پرخصوصی توجہ دینا ہوگی۔
Comments are closed.