یوم آزادی کا تحفہ، صدر زرداری نے قیدیوں کی سزاوٴں میں 90 روز کی چھوٹ دیدی
اسلام آباد(آن لائن)صدر آصف علی زرداری نے یوم ِ آزادی کے موقع پر قیدیوں کی سزاوٴں میں 90 روز کی چھوٹ دے دی ۔ صدر مملکت نے سزاوٴں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سزاوٴں میں کمی کا اطلاق قتل ، جاسوسی، ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔اسی طرح سزاوٴں میں کمی کا اطلاق زنا، چوری ، ڈکیتی ، اغواء ، دہشت گردی میں سزا یافتہ مجرموں پر بھی نہیں ہوگا۔ مالی جرائم ، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرم بھی اس رعائت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے ۔سزا میں کمی کا اطلاق غیر ملکی افراد ایکٹ، 1946 اور منشیات کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2022 ء کے تحت سزا یافتہ افراد پر نہیں ہوگا۔ایک تہائی قید کاٹ چکنے والے 65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدیوں پر سزا میں کمی کا اطلاق ہو گا۔ایک تہائی قید کاٹ چکنے والی 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدیوں پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہو گا۔بچوں کے ساتھ جیل میں موجود خواتین قیدیوں پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہو گا۔ایک تہائی سزا کاٹ چکنے والے 18 سال سے کم عمر افراد پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔
Comments are closed.