پی ٹی آئی رہنماء حماد اظہر منظر عام پر آگئے،جشن آزادی کی ریلی میں شرکت

لاہور( آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے روپوش رہنماء حماد اظہر منظر عام پر آگئے، حماد اظہر نے گزشتہ رات لبرٹی میں جشن آزادی ریلی میں شرکت کی،پی ٹی آئی رہنماء شوکت بسرا کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھے اور ان کے ساتھ تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ہمراہ تھی۔ حماد اظہر نے تحریک انصاف اور قیدی نمبر 804 کے حق میں نعرے لگائے۔پی ٹی آئی رہنماء جشن آزادی کے حوالے سے نکالی گئی ریلی کے دوران کارکنوں کے ہمراہ سڑکوں پر گھومتے رہے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی پنجاب کے قائمقام صدر حماد اظہر نے خود ساختہ روپوشی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اڈیالہ جیل کی طرف لانگ مارچ اور دھڑنا بھی ناگزیر ہے اور پنجاب کی تمام قیادت، اراکین اسمبلی ، ٹکٹ ہولڈر ، تنظیم اس امر کیلئے تیار ہے۔حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر باہر نکل رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی ہدیات پر 13 اگست کی رات پورا پنجاب باہر نکلے گا۔ پنجاب پاکستان کی آزادی کی خاطر ہر جگہ باہر نکلے گا۔

انہوں نے مزید کہا تھاکہ میں اب سمجھتا ہوں کے ہماری تحریک کو فیصلہ کن مراحل میں داخل کرنے کیلئے میرے سمیت سب کو نکلنا ہو گا چاہے فسطائیت کی قوتیں گرفتار ہی کیوں نا کر لیں۔حماد اظہر نے الزامات عائد کرتے ہوئے لکھا تھا کہ پنجاب میں عملی طور پر مارشل لاء لگا ہوا ہے۔ پارلیمان میں جعلی اراکین بیٹھ کر بے ہودہ قانون سازی کر رہے ہیں اور جمہوریت کا ہمیشہ کے لئے جنازہ نکالنے کو کوشش میں ہیں۔ان کاکہناتھا کہ پنجاب کی تمام قیادت ، اراکین اسمبلی ، ٹکٹ ہولڈر ، تنظیم اس امر میں تیار ہے۔ پی ٹی آئی اپنے قائد لیڈر عمران خان کی رہائی تک خاموش نہیں بیٹھے گی۔ حکمرانوں کی فسطائیت کا جواب ضرور دیں گے۔ ہم اس جعلی حکومت کو نہیں مانتے۔

Comments are closed.