چند دنوں میں معاشی پلان اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری دوں گا ، وزیر اعظم

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے یو م آزادی کے موقع پر آئندہ چند دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی نوید سناتے ہوے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں کم کئے بغیر پاکستان کی صنعت ترقی نہیں کرسکتی۔ 77 سال کے دوران بحیثیت قوم ہمارا سفر قابل رشک نہ ہوسکا جو کہ افسوسناک ہے ۔ یوم آزادی کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج کایوم آزادی سب کو مبارک ہو، آج ارشد ندیم نے سونے کا تغمہ جیتا کر پورے ملک کا سر فخر سے بلند کیا، ارشد ندیم قوم کے ہیرو ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہمیں آزادی جیسی نعمت سے نوازا ،آزادی کیلئے ہمارے بزرگوں نے عظیم قربانیاں دیں، پاکستان کیلئے خون کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، قائداعظم کی لیڈر شپ میں آباوٴ اجداد نے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور سامراج سے آزاد ہوکر پاکستان اسلامی فلاحی مملکت بنا،1947کو پاکستان ہندوستان سے الگ ہوکر ایک اسلامی فلاحی مملکت بنا،77 سال کے دوران بحیثیت قوم ہمارا سفر قابل رشک نہ ہوسکا جو کہ قابل افسوس ہے

، معیشت سمیت دیگر شعبوں میں بتدریج زوال آتا رہا،ہم ہچکولے کھاتے رہے، اقتدار کی کشمکش،اندرونی اور بیرونی سازشیں اس میں شامل تھیں، انہوں نے کہا تمام بہنوں،بھائیوں کو سلام جنہوں نے پاکستان کیلئے خون کا نذرانہ پیش کیا، ہمیں ماضی سے سبق حاصل کرکے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کامیابیوں اور ناکامیوں کی ایک لمبی فہرست ہے، چند روز میں قوم سے خطاب کروں گا، خطاب میں 5سالہ معاشی پروگرام پیش کروں گا، چند دنوں میں آپ کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی خوش خبری ملے گی۔ انہوں نے کہا چین نے پاکستان کے دوسال بعد آزادی حاصل کی، ہم چین سے آگے تھے لیکن پیچھے رہ گئے، دشمن ڈیجیٹل دہشتگردی کا ہتھیار استعمال کررہا ہے، ڈیجیٹل دہشتگردی کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے، نوجوان خود کو فساد،انتشار اور فریب کے فتنوں سے محفوظ رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں ہونے والے مظالم پر دل افسردہ ہے، غزہ میں مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، مقبوضہ جموں وکشمیر،فلسطین کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، دشمن ہم سے خائف ہے، ہمیں اپنے احتساب کی ضرورت ہے، ہمیں متحد ہو کرمستقبل کی منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا ، ہمیں بحیثیت قوم اپنا احتساب ضرور کرنا چاہیے، ہم نے فیصلہ کرنا ہے کیا زندگی مانگ کر گزارنی ہے یا اس خواب کی طرح جس کے لیے پاکستان وجود میں آیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں قوم کے لیے خدمات پیش کرنے والوں کو اور قوم کا سرفخر بلند کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ شہباز شریف نے کہا کہ دشمن ہر حربہ استعمال کررہاہے کہ پاکستان آگے نہ بڑھ سکے ، ہماری جوہری قوت سے ہمارا دشمن خائف ہے اور دشمن نے ڈیجیٹل دہشتگردی کے ذریعے جھوٹ کی بمباری شروع کررکھی ہے۔

Comments are closed.