فیض حمید سے میرا کوئی تعلق اور نہ ہی کوئی لینا دینا ہے ، بانی پی ٹی آئی

راولپنڈی (آن لائن) بانی پی ٹی آئی نے جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے لا تعلقی کا اظہار کرتے ہوے کہا ہے کہ ان سے میرا کوئی لینا دینا نہیں ۔ انکی گرفتاری فوج کا اندرونی معاملہ ہے۔ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوے عمران خان نے کہا کہ جنرل(ر) فیض حمید سے میرا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ان سے میرا کوئی لینا دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انکی گرفتاری فوج کا اندرونی معاملہ ہے ۔ فوج انکا احتساب کرنا چاہتی ہے اور انکا نو مئی کے واقعات سے کوئی تعلق ہے تو انکا احتساب ضرور کیا جانا چاہیے لیکن نومئی کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے کر سب کا احتساب کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ فیض حمید کو نواز شریف اور شہباز شریف کے کہنے پر ہٹایا گیا ۔ میری اس معاملے پر جنرل باجوہ سے سخت تلخ کلامی بھی ہوئی تھی ۔ فیض حمید ہمارا قیمتی اثاثہ تھے جو ضائع کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں فیض حمید کو اس لئے نہیں ہٹانا چاہتا تھا کہ اس وقت افغانستان کا معاملہ چل رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر حکومت مزید حالات خراب کرنے جا رہی ہے ۔ فیصلے پر عمل نہ کر کے یہ تیسری بار آئین کی خلاف ورزی کریں گے ۔ میں اپنی پارٹی کو پہلے سے تیار کر رہا ہوں کہ یہ لوگ ہمیں مخصوص نشستیں ہر گز نہیں دیں گے ۔

Comments are closed.