مونال ریسٹورنٹ کیس میں چیف جسٹس کے ریمارکس کیخلاف متفرق درخواست دائر

اسلام آباد ( آن لائن)سپریم کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنوں نے مونال ریسٹورنٹ اور مارگلہ ہلز کیس میں 190 ملین پاوٴنڈز سے متعلق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسٰی کے ریمارکس بارے متفرق درخواست دائر کردی ہے۔ متفرق درخواست علیمہ خان اور عظمٰی خان نے جمع کرائی، انہوں نے درخواست میں استدعا کی کہ 190 ملین پاوٴنڈز سے متعلق ریمارکس واپس لیے جائیں اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی عمران خان سے متعلق کوئی بھی کیس نہ سنیں۔

انہوں نے موٴقف اپنایا کہ ہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے خلاف مس کنڈکٹ پر جوڈیشل کونسل جانے کا حق رکھتے ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے 190 ملین پاوٴنڈز سے متعلق ریمارکس کیس پر اثر انداز ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مارگلہ ہلز کیس کا 190 ملین پاوٴنڈز کیس سے کوئی تعلق نہیں لیکن ان کے ریمارکس کا کیس پر اثر پڑ سکتا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے مارگلہ ہلز سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران 190 ملین پاونڈ کیس کا تذکرہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ 190 ملین پاونڈ والا بھی بلڈر ہی تھا مگر بلڈر کے خلاف کوئی خبر نہیں چلے گی، جب ہم نے حکم دیا تو عدالت کو گالیاں دی گئیں، ہم نے تو صرف عوام کا پیسہ واپس بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

Comments are closed.