ناراضگی کے نام پر دہشتگردی کی اجازت دینا ناقابل قبول ہے: نائب وزیر اعظم

اسلام آباد (آن لائن) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ناراضگی کے نام پر دہشتگردی کی اجازت دینا ناقابل قبول ہے۔ دھرتی آپ کی ماں ہے اور ماں سے ناراض ہو کر اسے نقصان نہیں پہنچایا جاتا ۔ خوشحال قوم کی بنیاد نظام تعلیم ہے، ہماری حکومت معیاری تعلیم دینے کے لیے پر عزم ہے۔ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، قائد اعظم بھی طلبہ سے بہت قریب تھے، یوتھ ہمارے معمار ہیں جو ہمارے مستقبل کی تشکیل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی خوشحال قوم کی بنیاد نظام تعلیم ہے، ہماری حکومت معیاری تعلیم دینے کے لیے پر عزم ہے، تعلیم تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا نام ہے، تعلیم میری ہمیشہ سے سب سے پہلی ترجیح رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بچے ملک کا مستقبل ہیں، میں کہتا ہوں کہ دستیاب تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور سیکھنا کبھی نہ بند کریں، یہ تو حدیث میں بھی ہے کہ علم حاصل کرو چاہے اس کے لیے چین کیوں نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہا تعلیم دنیا کو بدلنے کے لیے سب سے طاقتور ہتھیار ہے، جن قوموں نے ترقی کی اس میں ان کے نوجوانوں کا اہم کردار ہے، ہمیں ایک قوم کے طور پر پاکستان کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں افہام و تفہیم کے پل بنائیں اور ہر قسم کی نفرت انگیزی، انتہا پسندی کو مسترد کردیں، اتحاد میں طاقت ہے اور طاقت میں مستقبل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں 13 اگست کو بلوچستان گیا تو مجھے بریفنگ دی گئی کہ بلوچ ناراض ہیں، کوئی جو پہاڑوں پر جاتے ہیں اور باہر بیٹھتے ہیں تو ماں کے ساتھ کوئی ناراضگی نہیں ہوتی، آپ ملک کے ساتھ ناراض نہیں ہوسکتے، اختلاف رائے ہوسکتا ہے یہ آپ کا حق ہے لیکن میں نے وہاں بھی یہی پیغام دیا کہ ناراضگی کے نام پر دہشتگردی کی اجازت دینا ناقابل قبول ہے۔

یہ وہ چیز ہے جس پر ہمیں واضح طور پر سوچنا چاہیے کہ ہم اس میں ٹریپ نہ ہوں، کبھی کبھی بچے جذبات میں آکر ٹریپ ہوجاتے ہیں تو میں اس بارے میں واضح کہہ دوں کہ اس کی ہمیں اجازت نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس ملک میں بہت صلاحیتیں ہیں، دنیا بدل رہی ہے اور مستقبل ان کا ہے جو نئے دور کے تقاضوں میں ڈھلتے ہیں، پاکستان کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو روایتی جمود سے ہٹ کر سوچیں اور جمود کو چیلنج کرنے سے نہ گھبرائیں۔ انہوں نے کہا کہ خیال اور کوشش ہی ایک واضح فرق پیدا کرسکتی ہیں، ہماری حکومت سٹارٹ اپس کو سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہے، ہم نے لیپ ٹاپس دیئے، قیادت اقتدار کے عہدے لینے کا نام نہیں بلکہ ذمہ داری لینے، فعال ہونے اور اپنی برادری کی خدمت کرنے کا نام ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ میں توقع رکھتا ہوں کہ آپ ایسے جوہر پیدا کریں گے کہ آپ دوسروں کے لیے مثال قائم کریں گے اور قوم کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔

Comments are closed.