اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے، یو کے کی معروف یونیورسٹی آف آکسفورڈ میں آکسفورڈ یونین کے نو منتخب صدر اسرار خان کاکڑ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسرار خان کاکڑ کا وزیراعظم ہاؤس میں پر تپاک استقبال کیا۔وزیراعظم نے اسرار خان کاکڑ کو بیرونِ ملک پاکستان کا نام روشن کرنے پر سراہا اور کہا کہ اسرار کاکڑ جیسے باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کے پائیدار اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔
وزیراعظم اسرار خان کاکڑ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا آکسفورڈ یونین کے صدر کا الیکشن لڑنا اور سرخرو ہونا آپ کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے، پر امید ہوں کہ اسرار کاکڑ اور ان جیسے باصلاحیت پاکستانی نوجوان یونہی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا انتھک محنت سے اپنے تمام تعلیمی مراحل میں وظائف حاصل کرنا اور بالآخر آکسفورڈ یونین جیسی اعلیٰ تنظیم کا صدر منتخب ہونا قابل فخر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ کا قیام عمل میں آچکا، جس کی بدولت غریب گھرانوں کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمینٹ فنڈ میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔اسرار خان کاکڑ نے وزیراعظم کو آکسفورڈ یونین میں خطاب کرنے کی دعوت دے دی۔اسرار خان کاکڑ نے وزیرِ اعظم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں یکسان ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔اسرارخان کاکڑ نے کہا کہ مجھ سمیت پاکستان کے تمام نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر طرح کی خدمات کیلئے تیار ہیں۔
Comments are closed.