پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ، تجربے کا مقصد جوانوں کی تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق اور مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، سائنسدانوں اور اسٹریٹجک اداروں کے انجینئرز اور سینئر افسران نے میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کیا، ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا جنہوں نے اس تاریخی کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا، صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس کامیابی پر مبارکباد دی،،عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین ٹو درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا لینڈ بیسڈ بیلسٹک میزائل ہے ‘شاہین ٹو کی رینج 2 ہزار کلومیٹر تک ہے اور یہ میزائل روایتی کے ساتھ غیر روایتی ہتھیار یا نیوکلیئر وارہیڈ بھی لے جا سکتا ہے۔

چیئرمین سینٹ سید یوسف رضاگیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق،مشیر وزارت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک ،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ودیگر اہم شخصیات نے شاہین ٹو کے کامیاب تجربہ پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا کہ شاہین II کے کامیاب تجربے سے ملک کی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہو گی،پوری قوم کو اپنے باصلاحیت سائنسدانوں اور انجینئرز پر فخر ہے، شاہین II میزائل کا کامیاب تجربہ پاک فوج، سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے، دفاعی اداروں، باصلاحیت سائنسدانوں اور انجینئرز کی ملکی دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بیلسٹک میزائل شاہین II کے کا میاب لانچنگ پر پاک فوج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ شاہین II کے کامیاب تجربے سے ملک کی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہو گی‘پوری قوم کو اپنے باصلاحیت سائنسدانوں اور انجینئرز پر فخر ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شاہین II میزائل کا کامیاب تجربہ پاک فوج، سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔دفاعی اداروں، باصلاحیت سائنسدانوں اور انجینئرز کی ملکی دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شاہین ٹو کی کامیاب تربیتی لانچنگ پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کی کامیاب تربیتی لانچنگ پاکستان کے سائنسدانوں اور انجینئرز کا شاندار کارنامہ ہے۔ ہمارے سائنسدانوں اور انجینئرز نے ایک بار پھر تکینکی مہارت اور پروفیشنل ازم کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ سائنسدانوں اور انجینئرز نے محنت اور لگن سے آج پاکستان نے میزائل ٹیکنالوجی میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے۔ پاکستان کے سٹرٹیجک اداروں اور سکیورٹی فورسز کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ مشیر وزارت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کامیاب میزائل تجربے پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہے۔ بیلسٹک میزائل شاہین-ٹو کاکامیاب تجربہ ہماری مسلح افواج کے عزم اورتکنیکی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ کامیابی قوم کے دفاع کے لیے ہماری مضبوطی کی عکاس ہے۔ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ اس سنگ میل میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام ہے۔

Comments are closed.