سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان عالمی امن و سلامتی کیلئے فعال کردار کیلئے پر عزم ہے‘وزیراعظم

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر، پاکستان بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کانفرنس برائے ایشیائی روابط اور اعتماد سازی اقدامات (سی آئی سی اے ) کے سیکرٹری جنرل, سفیر کیرات سری بے نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے اعتماد سازی کے اقدامات کے ذریعے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ایشیا میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے CICA کے بنیادی مقصد کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے، تنازعات سے بچاؤ کی حکمت عملیوں پر عمل پیرا ہونے اور خطے میں دیرپا امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے طویل مدتی حل تیار کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ 2025-26 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر، پاکستان بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم نے علاقائی روابط بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار بھی کیا اور اس سلسلے میں سی آئی سی اے کی جاری کوششوں کی تعریف کی۔ سیکرٹری جنرل سری بے نے وزیر اعظم کو سی آئی سی اے کی جاری سرگرمیوں اور اقدامات کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے مجوزہ وژن کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے سی آئی سی اے میں پاکستان کے فعال اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے قریبی تعاون جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔

Comments are closed.