ایران بس حادثے میں جاں بحق زائرین کی میتیں پاکستان واپس پہنچا دی گئیں
اسلام آباد (آ ن لائن) ایران کے شہر یزد میں بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 28 پاکستانی زائرین کی میتیں خصوصی طیارے کے ذریعے جیکب آباد پہنچا دی گئیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل لیزان آفس کراچی عرفان سومرو نے میتیں وصول کیں، ایران میں 20 اگست کو ہونے والے اس بس حادثہ میں زخمی ہونے والے 16 پاکستانی زائرین کو بھی اسی خصوصی طیارے کے ذریعے واپس لایا گیا ہے
، وطن واپسی سے قبل یزد ائیرپورٹ پر گورنرمہران فاطمی اور امام جمعہ نے میتوں کو روانہ کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم ایرانی حکام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستانی زائرین کے حادثہ متاثرین کو ریسکیو کیا اور ان کی وطن واپسی میں مکمل معاونت کی، ہم حادثے میں جاں بحق افراد کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ ایران کے شہر یزد میں پیش آیا جہاں بس کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی، حادثے کا شکار بس میں 53 زائرین سوار تھے، حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکال کر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا، حادثے کے بعد یزد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
Comments are closed.