آر آئی یو ٹی میں آئندہ سال کے آغاز پر جگر اور گردوں کی تبدیلی و پیوند کاری کے لئے مکمل فعال کردیا جائے گا‘حنیف عباسی
راولپنڈی (آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (آر آئی یو ٹی)میں آئندہ سال کے آغاز پر جگر اور گردوں کی تبدیلی و پیوند کاری کے لئے مکمل فعال کردیا جائے گا
اس مقصد کے لئے ماہر ڈاکٹروں کے ساتھ نرسوں، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کی تقرری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ جدید مشینری اور آلات پیوند کاری کی خریداری بھی جاری ہے ناموس رسالت اور مسئلہ فلسطین پر وزیراعظم کا مثالی کردار دنیا میں ان کی عزت و وقار میں اضافے کے ساتھ آخرت میں بھی مغفرت اور بخشش کا ذریعہ بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی کے صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے ناشتہ کے موقع پر گفتگو میں کیا اس موقع پر سابق مئیر راولپنڈی سردار نسیم، مسلم لیگ ن راولپنڈی کے جنرل سیکریٹری حاجی پرویز اراکین صوبائی اسمبلی راجہ حنیف، ضیاء اللہ شاہ، بیگم زیب النساء اعوان، رفعت عباسی اور ثمینہ وارثی بھی موجود تھے حنیف عباسی نے کہا کہ اللہ نے پوری پارٹی کی جانب سے اسمبلی فلور ختم نبوت اور ناموس رسالت پر آواز اٹھانے کا اعزاز دیا جس کا مقصد کوئی تشہیر نہیں بلکہ اپنے نبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا حق ادا کرنا تھا اور اپنے نبی سے محبت کا ہی نتیجہ ہے کہ کھربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے آج ہم راولپنڈی کے عوام کے سامنے سرخرو ہیں انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے حوالے سے مبارک ثانی کیس میں جس طرح وزیراعظم نے نوٹس لے کر اٹارنی جنرل کو پیروی کا حکم دیا
یہ ان کے عشق رسول کا واضح ثبوت ہے وزیراعظم نے دوٹوک کہہ دیا تھا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا اسی طرح وزیراعظم نے فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کی مخالفت میں ٹھوس موقف اختیار کیا یہ اقدامات ان کی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بنیں گے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی) کے تاریخ ساز فلاحی منصوبے کے بعد آر آئی یو ٹی بھی آئندہ سال جنوری فروری میں مکمل ورکنگ شروع کر دے گا اور ان شاء اللہ یہاں جگر اور گردوں کی پیوندکاری کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا جس کے لئے ڈاکٹروں سمیت متعلقہ عملے اور مشینری و آلات کی خریداری کا عمل شروع ہے انہوں نے کہا کہ صفائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا نتیجہ ہے کہ حالیہ شدید بارشوں میں بھی لاہور سمیت دیگر شہروں کے مقابلے میں راولپنڈی میں صورتحال بہت بہتر رہی اس کے باوجود صادق آباد اور جامع مسجد روڈ سمیت راولپنڈی کے 7/8 نشیبی علاقوں کے لئے نئی سکیمیں لائی جارہی ہیں جس کے لئے اراکین اسمبلی ضیاء اللہ شاہ اور راجہ حنیف کو اہداف دئیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں آر آئی سی، آر آئی یو، میٹرو بس سروس، آئی جے پی روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت دیگر بیسیوں ترقیاتی منصوبوں نے راولپنڈی کا معیار زندگی بلند اور تیز کیا ہے
انہوں نے کہا کہ اس وقت راولپنڈی سمیت پورے ملک کے عوام کا بنیادی مسئلہ بجلی اور گیس کے بل ہیں جس کے لئے نہ صرف میں نے ہر سطح پر بھرپور آواز اٹھائی بلکہ ہماری حکومت بھی عوام کو بجلی اور گیس کے بلوں میں ریلیف کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں اور یہی ہمارا اصل کریڈٹ ہے انہوں راولپنڈی کی تعمیر و ترقی میں راولپنڈی کے صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کے اشتراک کے بغیر اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے اور ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں راولپنڈی میں شوکت ملک، سلطان شاہ، اقبال ملک، شکیل اعوان اور صالح مغل جیسے سینئر صحافیوں نے مثبت اور عوام دوست رپورٹنگ کے ذریعے ہر دور میں راولپنڈی کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
Comments are closed.