تحریک انتشار میں کئی گروہ بن چکے ہیں ، عطاء اللہ تارڑ

لاہور ( آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نفرت کی سیاست کا انجام اچھا نہیں ہوتا،بشری بی بی ہمدردی کیلئے جھوٹا بیانیہ پھیلا رہی ہیں ،علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان اختلافات مکافات عمل ہے ،پارٹی پر قبضے کی جنگ شدت اختیار کرچکی ہے جس سے ملک کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ،بانی پی ٹی آئی کا کھانا ان کے گھر سے آتا ہے زہر دینے کا بیان من گھڑت اور جھوٹا ہے ،قومی سلامتی اداروں پر بیان بازی پلان کے تحت کی جا رہی ہے ۔ لاہو ر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک انتشار ملک کو نقصان پہنچانے کی سیاست کر رہی ہے۔ اس نے ملک کے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا اور ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے سے کبھی گریز نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست کی بنیاد بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے رکھی۔ انہوں نے معاشرے کو تقسیم کیا، ایک دوسرے سے لوگوں کو لڑایا اور اب تحریک انصاف کی پارٹی خود انتشار کا شکار ہے جان لیں نفرت کی سیاست کا انجام اچھا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا علیمہ خان نے روف حسن سے کہا کہ بشریٰ بی بی جھوٹی خبریں پھیلا رہی ہیں۔ بشریٰ بی بی ہمدردی کے لئے جھوٹا اور ہمدردی کا بیانیہ پھیلا رہی ہیں۔ تحریک انتشار میں مختلف گروپس بن گئے ہیں۔ پارٹی میں کئی ڈس انفارمیشن سیل چل رہے ہیں۔ ایک ڈس انفارمیشن سیل روف حسن علیمہ خان کے ساتھ مل کر چلا رہے تھے، دوسرا سیل بشریٰ بی بی چلا رہی تھیں۔ انہوں نے لوگوں کو تقسیم کیا آج ان کی اپنی پارٹی تقسیم اور انتشار کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا علیمہ گروپ اور بشریٰ گروپ پارٹی پر پی ٹی آئی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ بشریٰ بی بی جو جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہیں اس میں کوئی حقیقت نہیں۔سیاسی مفادات کے لئے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

Comments are closed.