کوسٹل ہائی وے پر ایران سے آنیوالے زائرین کی بس کھائی میں جاگری‘12 افراد جاں بحق ‘ 30 سے زائد زخمی

لسبیلہ (آن لائن)لسبیلہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر ایران سے آنے والے زائرین کی بس کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق ایران سے آنے والے زائرین کی بس کو حادثہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث بریک فیل ہونے کی وجہ سے بس کھائی میں گرگئی تاہم حادثے میں 12 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ زائرئن کی بس ایران سے پنجاب جارہی تھی، زخمیوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زائرین کا تعلق پنجاب کے علاقے لاہور اور گجرانوالہ سے ہے جبکہ پولیس، لیویز سمیت دیگر ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کو حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت کی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے مکران کوسٹل ہائی وے پر بس حادثے پر دلی رنج اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے بروقت طبی امداد پہنچانے اور زخمیوں کی بھرپور دیکھ بھال کی ہدایت کی اور جاں بحق افراد کے سوگواران سے اظہار ہمدردی کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لسبیلہ کے قریب بس کھائی میں گرنے سے زائرین کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی ہے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لسبیلہ کے قریب زائرین کی بس کو حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

Comments are closed.