عمران خان نااہلی معاملہ،سپریم کورٹ میں اپیل کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر
اسلام آباد(آن لائن) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نااہلی کے معاملے پر اپیل کی جلد سماعت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی،وکیل بیرسٹر علی ظفر نے درخواست دائرکی جس میں استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاست سے باہر رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان کو الیکشن کمیشن نے سپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنس پر میانوالی سے ڈی سیٹ کیا اور الیکشن کمیشن فیصلے پر بانی تحریک انصاف کو الیکشن لڑنے سے روک دیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ لارجر بینچ الیکشن کمیشن کے خلاف اپیل پر سماعت کر رہا تھا لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیل واپس لینے کی استدعا منظور کرنے سے انکار کر دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی وجہ سے لاہور ہائیکورٹ لارجر بینچ کارروائی آگے نہیں بڑھا پا رہا۔واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کا عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔
Comments are closed.