اڈیالہ جیل انتظامیہ کی عمران خان سے سہولتیں واپس لینے کی خبروں کی تردید

راولپنڈی( آن لائن) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں سہولتیں واپس لینے کی خبروں کی تردیدکی ہے، اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کوجیل مینول کے مطابق تمام سہولتیں دستیاب ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی اور صحت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے

،بانی پی ٹی آئی کے سیل میں گٹر کھلا ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں۔بشریٰ بی بی کے سیل میں چوہوں کی موجودگی کی خبروں میں بھی صداقت نہیں،جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کھانے کیلئے علیحدہ کچن دیا گیا ہے ان کی سیکیورٹی کیلئے عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے اور انہیں پڑھنے کیلئے کتابیں بھی دستیاب ہیں۔جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہفتے میں 2 دفعہ فیملی، وکلاء اور سیاسی ملاقاتوں کی اجازت ہے۔جیل میں سماعت کے موقع پر بھی وہ ملاقاتیں کرتے ہیں انہیں ٹیلی ویڑن کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک انگریزی روزنامہ روزانہ دیا جاتا ہے انہیں ورزش کیلئے مشین اور واک کیلئے جگہ بھی دستیاب ہے۔انہیں 2 مشقتی دیئے گئے ہیں جو دن کے اوقات میں دستیاب ہوتے ہیں، عمران خان کی سکیورٹی اور صحت کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

Comments are closed.