ملک دشمنوں سے کوئی بات چیت نہیں ہو گی ، انکو عبرت ناک سزا دیں گے ، شہباز شریف
اسلام آباد (آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں سے بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، دشمنان پاکستان کو عبرت کا مقام بنائیں گے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو ایک بیانیے سے ورغلایا جا رہا ہے ۔ پاک فوج کے جوان دن رات دہشتگردوں کا پیچھا کر رہے ہیں ۔ وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کوئٹہ کے دورے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا، شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی، شہداء کے ورثاء بہت حوصلے میں تھے، کورکمانڈر کوئٹہ نے صوبے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جوکچھ ہوا وہ دہشتگردی کی انتہا تھی، جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دہشتگرد اورخارجی عناصر ملکر بلوچستان میں نفرت کے بیج بو رہے ہیں، دہشتگردوں کو باہر سے مدد مل رہی ہے لیکن بلوچستان میں نفرت کے بیج بونے والوں کو کوئی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ایک بیانیے سے ورغلایا جا رہا ہے ۔ اننو جوانوں کی تربیت اور تعمیر کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرفراز بگٹی کی حکومت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے یوتھ کیلئے بہت اچھے پروگرام مرتب کئے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کے افسر اور جوان دن رات دہشت گردوں کا پیچھا کر رہے ہیں، پاک آرمی کے افسران اور جوانوں کو وفاقی اور صوبائی گورنمنٹ کی پوری سپورٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 تاریخ کو ایسا ماحول پیدا کیا گیا جیسے بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک چل رہی ہے، بلوچستان کے لوگ محبت وطن ہیں وہ چاہتے ہیں ترقی کا پہیہ تیزی سے چلے، ہم نے دورے کے دوران تمام لوگوں کے مشوروں کو سنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں سے بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، دشمنان پاکستان کو عبرت ناک سزا دیں گے ۔ نوجوانوں کو ورغلانے والوں کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دشمن پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنا چاہتے ہیں، چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے بلوچستان بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتا ہے، دورہ کوئٹہ کے دوران یہ بات ڈنکے کی چوٹ پر پوچھی کہ کیا چین پاکستان کا دوست ہے یا نہیں، سب نے کہا چین پاکستان کا دوست ہے، دہشتگرد سی پیک کو عوام کی ترقی کیلئے پروموٹ نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا جلد وزیراعلیٰ بلوچستان سے میٹنگ کروں گا، وفاقی حکومت جو کچھ کر سکتی ہے وہ کریں گے، انہوں نے کہا موڈیز نے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہونے کا اعتراف کیا، انشاء اللہ جلد پاکستان اپنے پاوٴں پر کھڑا ہوگا اور معاشی طاقت بنے گا۔
Comments are closed.