راجکمار را نے فلم استری2 کے ڈیلیٹ سین کی تصویر شیئر کردی
ممبئی(آن لائن) بالی وڈ ہارر کامیڈی فلم استری2 کی ریلیز کے تقریبا دو ہفتے بعد بھی اس کی مقبولیت برقرار ہے اور اب مرکزی اداکار راجکمار را نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ خاتون کے روپ میں نظر آ رہے ہیں۔اداکار نے مداحوں کو بتایا کہ یہ ان کے پسندیدہ مناظر میں سے ایک تھا لیکن بدقسمتی سے یہ منظر فلم کے حتمی کٹ میں شامل نہیں ہوسکا۔ذرائع کے مطابق اس منظر میں راجکمار را کا کردار وکی، ولن سرکٹا کو فریب دینے کے لیے عورت کا روپ دھارتا ہے کیونکہ سرکٹا صرف خواتین پر حملہ کرتا ہے۔
اس منظر میں جانا (ابھشیک بینرجی)بھی شامل ہے، جو وکی کو پہچاننے میں ناکام رہتا ہے، جس سے منظر میں مزاح پیدا ہوتا ہے۔راجکمار را نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں سے پوچھا کہ کیا وہ اس منظر کو فلم میں دیکھنا چاہتے ہیں، جس پر اداکارہ شردھا کپور نے کہا کہ اسے ضرور شامل کیا جانا چاہیے۔ فلم کے رائٹر نیرن بھٹ نے بھی فلم کا ایکسٹینڈڈ کٹ ریلیز کرنے کی خواہش ظاہر کی۔یہ بھی ممکن ہے کہ اگر فلم کامیاب ہو جائے تو اس منظر کو بعد میں فلم کے پرنٹس میں شامل کیا جائے جیسا کہ دیگر فلموں کے ساتھ بھی ہو چکا ہے۔
Comments are closed.