بانی تحریک انصاف کو ریلیف کیلئے پی ٹی آئی رہنما سپیکر چیمبر میں حکومت کے منت ترلے

اسلام آباد(آن لائن)بانی تحریک انصاف کو ریلیف کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما سپیکر چیمبر میں حکومت کے منت ترلے کرتے رہے جبکہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جب بانی تحریک انصاف سیاسی قوتوں کی بجائے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتا ہے تو ہم کیوں آگے آئیں تاہم سپیکر چیمبر میں ہی بات چیت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیااور اس پر بھی اتفاق کیا گیا کہ یہ بات چیت محمود اچکزئی اور حکومت کے درمیان جاری رہے گی۔باخبر ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماوں میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب اور اسد قیصر شامل تھے جبکہ حکومت کی طرف رانا ثنااللہ، اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ، احسن اقبال شامل تھے۔

ملاقات سپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں ہوئی، محمود اچکزئی بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماوں نے بانی تحریک انصاف کو اڈیالہ جیل میں سہولیات ختم کرنے پر تشویش کا اظہار کیااور ان رہنماوں نے بانی تحریک انصاف کو سہولیات فراہمی میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ ذرائع کے مطابق بانی تحریک انصاف کے لیے مزید سہولیات کی فراہمی پر سب سے زیادہ عمر ایوب بولے، محمود اچکزئی نے خود حکومت سے مذاکرات کی بات چیت چھیڑی۔ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے کبھی بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، بانی تحریک انصاف اور بعض رہنماوں کا رویہ ہی مذاکرات میں رکاوٹ ہے

، ان کا کہنا تھا کہ جب بانی تحریک انصاف سیاسی قوتوں کی بجائے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتا ہے تو ہم کیوں آگے آئیں۔اس پر محمود اچکزئی نے کہا کہ آپ پرانی باتوں کو چھوڑیں ہم اور آپ بیٹھ جاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق سپیکر چیمبر میں ہی بات چیت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ یہ بات چیت محمود اچکزئی اور حکومت کے درمیان جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، پیش رفت ہونے پر تحریک انصاف کو مذاکرات میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا پلیٹ فارم ہی استعمال کیا جائے گا،سپیکر چیمبر میں یہ بیٹھک اجلاس میں کورم کی نشاندہی کے بعد ہوئی۔

Comments are closed.