وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا افراط زر کی شرح اور مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اظہار اطمینان

اسلام آباد(آن لائن)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے افراط زر کی شرح اور پاکستان ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے‘ حکومت عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جولائی 2024 میں کنزیومر پرائس انڈیکس میں ریکارڈ کمی ہوئی اور افراط زر کی شرح 11 فیصد پر آگئی‘معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشنگوئی خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فچ کے بعد حال ہی میں الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے جو کہ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے‘حکومت کی رائیٹ سائیزنگ پالیسی پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے جس کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں‘ اس کے معیشت پر مثبت اثرات جلد نمایاں ہونگے۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو بلوں کی مدد میں ایک بڑا ریلیف دیا گیا۔آج سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے‘ہماری حکومت تمام فوائد عام آدمی تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔حکومتی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے ۔عوام کی مشکلات کا احساس ہے؛ حکومت عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔

Comments are closed.