او آئی سی اجلاس؛ غزہ اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار

یاوٴندے(آن لائن)اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی ) نے غزہ اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو معصوم خواتین اور بچوں کے قتل عام پرجوابدہ ٹھہرانے کی ضرورت ہے،فلسطین و کشمیرتنازعات حل کئے بغیرامن قائم نہیں ہو سکتا ۔او آئی سی کا 50 واں وزرائے خارجہ اجلاس کیمرون میں منعقد ہوا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اسرائیل کے غزہ پر حملوں اور کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب میں سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طٰہٰ نے کہا کہ غزہ میں خواتین اور بچوں کی شہادت اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو ان جرائم پر جوابدہ ٹھہرانے کی ضرورت ہے۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طٰہ نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال تشویشناک ہے۔اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے عالمی برادری مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو فلسطینی علاقوں میں ملٹری آپریشن سے فوری روکنے کے لیے مناسب اقدامات کریں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمائندوں نے عالمی برداری پر زور دیا کہ فلسطین سمیت دیگر علاقوں کے تنازعات کو حل کیے بغیر دنیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔یاد رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا 2 روزہ اجلاس میں دنیا برپا مسلح تصادم، پرتشدد انتہا پسندی، اقتصادی مشکلات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کی مدد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں 57 ممالک کے تقریباً 500 مندوبین نے شرکت کی جن میں وزرائے خارجہ، سفارت کار اور اعلیٰ عہدے دار شامل تھے۔

Comments are closed.