جمہوریت صرف ایک نظامِ حکومت نہیں بلکہ ایک معاشرتی ڈھانچہ ہے‘بلاول بھٹو
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت صرف ایک نظامِ حکومت نہیں بلکہ ایک معاشرتی ڈھانچہ ہے‘ایک مضبوط جمہوریت کی طرف سفر مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے‘جمہوریت اسی وقت فروغ پاتی ہے جب قانون کی حکمرانی ہو، ادارے مضبوط ہوں‘ جب عوام کے حقوق ظلم اور ناانصافی سے محفوظ ہوں‘پاکستانی نوجوانوں کو جمہوری عمل میں اپنی فعال شرکت کو یقینی بنانا چاہیے‘پاکستان کے مستقبل کی ڈرائیونگ فورس ہمارے نوجوان ہیں۔ جمہوریت کے عالمی دن پر پیغام میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوری اقدار کی پاسداری، انسانی حقوق کے تحفظ اور شمولیتی طرزِ حکمرانی کے فروغ کے عزم کی تجدیدکرتے ہیں۔جمہوریت صرف ایک نظامِ حکومت نہیں بلکہ ایک معاشرتی ڈھانچہ ہے۔جمہوریت میں ہر شہری کی آواز سنی جاتی ہے، اس کا احترام کیا جاتا ہے اور اس کا تحفظ کیا جاتا ہے۔ایک مضبوط جمہوریت کی طرف سفر مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مضبوط جمہوریت کیلئے مستعدی، استقامت اور معاشرے کے تمام طبقات کی فعال شرکت کی ضرورت ہے‘جمہوریت اسی وقت فروغ پاتی ہے‘ جب قانون کی حکمرانی ہو، ادارے مضبوط ہوں‘ جمہوریت اسی وقت فروغ پاتی ہے جب عوام کے حقوق ظلم اور ناانصافی سے محفوظ ہوں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تھیم برائے یومِ جمہوریت، ”مصنوعی ذہانت کی مدد سے بہتر طرز حکمرانی کے فروغ” کی توثیق کرتے ہیں‘مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو عوام کی خدمت کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے ‘َبلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کامقصد شفافیت، جوابدہی اور انسانی حقوق کا فروغ ہونا چاہیے۔جیسے جیسے مصنوعی ذہانت جدید طرز حکمرانی کا ایک طاقتور آلہ بنیں، تو اُن کی ترقی و استعمال جمہوری اقدار کے عین مطابق ہوں۔ ضروری ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے اثرات معاشرے پر منصفانہ اور شمولیتی ہوں‘
ہمیں جمہوری عمل اور اداروں کے تحفظ کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اجتماعی کاوشیں خاص طور پر ان وقتوں میں انتہائی ضروری ہیں جب جمہوریت اور ادارے خطرے میں ہوں‘پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اس کی جمہوری ترقی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے‘پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت کی جدوجہد میں سب سے آگے رہی ہے‘ قائدِ عوام شہید بھٹوسے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں تک، پیپلز پارٹی کی جدوجہد طویل ہے‘ہماری جماعت اس بات پر قائم ہے کہ شہید بھٹو اور شہید بی بی کے بنائے ہوئے جمہوری اقدار، ملک میں فروغ پاتی رہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو جمہوری عمل میں اپنی فعال شرکت کو یقینی بنانا چاہیے‘پاکستان کے مستقبل کی ڈرائیونگ فورس ہمارے نوجوان ہیں‘ نوجوانوں کی شرکت ایک زیادہ شمولیتی، شفاف اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے‘جمہوریت کو مضبوط اور انصاف، مساوات و انسانی وقار کے اصولوں کو قومی حکمرانی کا محور بنانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں‘قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ ان اقدار کو برقرار رکھیں۔ بلاول نے کہا کہ آئیے! ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کرے جو روایتی اور ڈیجیٹل دونوں شعبوں میں حقیقی جمہوری روح کی عکاسی کرے۔
Comments are closed.