چیمپئنز ٹرافی :آئی سی سی کی انسپکشن ٹیم کا دورہِ پاکستان مکمل

اسلام آباد ( ابوبکر بن طلعت) آئی سی سی کی جانب سے انسپکشن ٹیم کا دورہِ پاکستان مکمل ہو گیا۔ چیمپئینز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آنے والی انسپکشن ٹیم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے عہدیداران سے تفصیلی میٹنگ بھی کی۔ انسپکشن ٹیم نے دورے کے آخری مرحلے میں بورڈ کے اہم شعبوں کے سربراہان سے ملاقات کی اور معاملات پر بریفنگ لی۔ آئی سی سی انسپکشن ٹیم نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تمام شعبوں کے سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں مارکیٹنگ ,کمرشل ،میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ,سیکورٹی ،ایچ آر ،ٹکٹنگ ، لاجسٹک اور انفرا کے سربراہان نے ملاقات کی۔ آئی سی سی انسپکشن ٹیم نے چیمئنز ٹرافی کے حوالے سے تمام شعبوں کو مختلف ٹاسک دئیے اور پلان کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کی۔ آئی سی سی انسپکشن ٹیم کی جانب سے چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے مثبت اشارے اور اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ آئی سی سی انسپکشن ٹیم مقررہ وقت تک تمام ٹاسک مکمل ہونے کے لئے پرامید دکھائی دی اور ساتھ ہی آئی سی سی انسپکشن ٹیم نے کسی حوالے سے فکر مندی کا اظہار نہیں کیا۔ آئی سی سی انسپکشن ٹیم کو بالخصوص پریکٹس وینیوز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور لاہور میں پریکٹس وینیو ایل سی سی اے گراونڈ جبکہ کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس گراونڈ پر بریفنگ دی گئی۔ راولپنڈی وینیو کے لئے پریکٹس وینیو اسلام آباد کلب ہو گا۔آئی سی سی انسپکشن ٹیم نے کراچی راولپنڈی اسلام آباد اور لاہور میں انتظامات کا جائزہ مکمل کر لیا اور جلد ہی تحریری رپورٹ آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں دی جائے گی۔ ٹیم اپنا دورہ مکمل کر کہ واپس دوبئی روانہ ہو گئی۔۔!

Comments are closed.