اسلام آباد ( ابوبکر بن طلعت ) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ پر مشاورت آئندہ ہفتے کے دوران ہو گی۔ اس حوالے سے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی سلیکٹرز کے ساتھ مل کر ٹیم کو حتمی شکل دیں گے۔ ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کل لاہور پہنچ رہے ہیں جبکہ وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں اور فیصل آباد میں چیمپئینز ون ڈے کپ مانیٹر کر رہے ہیں۔ دونوں فارمیٹ کے کوچ 23 ستمبر کو کنیکشن کیمپ میں شریک ہوں گے۔ جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن آپس میں بھی مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے ملاقات کریں گے جیسن گلیسپی سلیکٹرز سے مل کر ٹیسٹ اسکواڈ کو حتمی شکل دیں گے اور اہم طور پر ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو تبدیل کرنے کا امکان ظاہر نہیں کیا جا رہا۔ دوسری جانب وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کی پاکستان موجودگی کے دوران پاکستان وائٹ بال ٹیم پر مشاورت ہو گی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام کے اگلے روز پاکستان وائٹ بال ٹیم نے آسٹریلیا روانہ ہونا ہے جہاں 4 سے 18 نومبر تک تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔ دورہ آسٹریلیا کے بعد پاکستان ٹیم نے زمبابوے اور ساوتھ افریقہ کا دورہ کرنا ہے پروگرام کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم دو اکتوبر کو ملتان پہنچے گی انگلینڈ کرکٹ ٹیم ایک روز آرام کے بعد ملتان اسٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی جبکہ پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے اراکین بھی دو اکتوبر کو ملتان میں رپورٹ کریں گے۔ تین میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے دو میچ ملتان جبکہ آخری ٹیسٹ راول پنڈی میں کھیلا جائے گا۔۔!!
Comments are closed.