اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت جمعہ تک ملتوی

راولپنڈی (آن لائن)اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی گئی ۔نیب پراسیکیوٹر کا موقف تھا کہ عثمان گل موجود نہیں ہیں تو دیگر تین وکلا میں سے کوئی وکیل جرح کر لیں،عدالت 24موقع دے چکی ہے تاہم عدالت نے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی ۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو کمرہ عدالت پیش کیا گیا ۔بشری بی بی کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث کیس کے آخری گواہ پر جرح نہ ہو سکی ۔وکلاء صفائی کا موقف تھا کہ ڈینگی بخار کی وجہ سے وکیل عثمان گل کی طبیعت ناساز ہے۔ کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بشری بی بی کی جانب سے چار وکلا کے وکالت نامے عدالت میں جمع ہیں۔عثمان گل موجود نہیں ہیں تو دیگر تین وکلا میں سے کوئی وکیل جرح کر لے۔ بشری بی بی کے دیگر تین وکلا کی جانب سے التوا کی درخواست نہیں آئی ۔اسلام اباد ہائی کورٹ سے کیس کی سماعت جاری رکھنے کی ڈائریکشن یہ خود لے کر آئے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی بھی اب یہ خود کر رہے ہیں۔ عدالت وکلا صفائی کو کیس کے آخری گواہ پر جرح کے 24 مواقع دے چکی ہے وکلا صفائی کی التوا کی درخواست مسترد کی جائے۔عدالت نے وکلا کو جرح کا آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

Comments are closed.