محسن نقوی سے امریکی وفد کی ملاقات ، مختلف امور پر تبادلہ خیال
اسلام آبا د(آن لائن)اسلام آبادوفاقی وزیر داخلہ وانسدا منشیات محسن نقوی سے امریکہ کی بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ افیرز( آئی این ایل) کے وفد نے ملاقات کی ،پاکستان کی سکیورٹی میں ہی امریکہ کی سکیورٹی ہے،امریکی نائب سفیر کی جانب سے ملاقات میں عزم کا اظہارکیا گیا ۔وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات سے ملاقات کرنے والے وفد میں امریکہ کی نائب سفیر نیٹلی بیکر، کنٹری ڈائریکٹر آئی این ایل لائن نیلسن، پولیس ایڈوائزر ایڈ پریسٹن اور پولیس پروگرام سپیشلسٹ فیصل گل تھے ،محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی پولیس و پیرا ملٹری فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں آئی این ایل غیر معمولی تعاون فراہم کررہا ہے۔
اس سلسلے میں کئی اہم منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے جو قابل ستائش ہے ،چاہتے ہیں اس تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ماسٹر پلان کے ذریعے سب سے پہلے انتہائی اہمیت کے حامل منصوبوں پر توجہ مرکوز کی جائے،ایف آئی اے پاکستان کا انتہائی اہم تحقیقاتی ادارہ ہے، چاہتے ہیں کہ ایف آئی اے کو آئی این ایل کے تعاون سے ایف بی آئی کی طرز پر متحرک ادارہ بنایا جائے،پاکستان میں جرائم کی سرکوبی کیلئے یہ منصوبہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا،نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظم نو انتہائی ضروری ہے، تاکہ اس کو ایک عالمی معیار کی اکیڈمی بنایا جا سکے
،وفاقی وزیر داخلہ نے کہا فرنٹیر کانسٹیبلری پورے پاکستان میں ریزرو پولیس کا کردار ادا کر رہی ہے، اس فورس کو بھی جدید بنیادوں پر استوار کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ان تمام امور میں ہمارے لئے سب سے اہم امریکہ کے تجربے سے استفادہ کرنا ہے،انسداد منشیات کے ضمن میں بھی ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،امریکی وفد کی جانب سے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار اور کہا گیا کہ آئی این ایل 42 سال سے حکومت پاکستان کے ساتھ ملکر کام کر ہا ہے۔چاہتے ہیں کہ اس تعاون مزید مضبوط اور پائیدار بنایا جائے، امریکی نائب سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی میں ہی امریکہ کی سکیورٹی ہے۔
Comments are closed.