شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیر اعظم کی ون آن ون ملاقات
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے وزیراعظم ہاوٴس میں ون آن ون ملاقات کی ہے ۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماوٴں کی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی،ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا۔ دونوں رہنماوٴں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر تبادلہ ء خیال کیا گیا
،وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو ملائیشیا کو سال 2025 کے لئے آسیان کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعظم ابراہیم نے ، آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر ، پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیرمقدم کیا، انھوں نے پاکستان اور آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے وسیع تر کردار کی حمایت کا اظہار کیا۔ وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعاون کا ذکر کرتے ہوئے باہمی فائدہ مند شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماوٴں نے تمام سطحوں پر بات چیت اور وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) اور دو طرفہ مشاورت بڑھانے کے لیے حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔
Comments are closed.